Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مرافق فیس مہینے اور دن کے اعتبار سے وصول کی جائے گی، محکمہ پاسپورٹ

ریاض - - - - -  - - ریاض محکمہ پاسپورٹ کے میجر جنرل (ر ) معیش الطلحی نے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں پر مرافقین کے حوالے سے عائد فیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ فیس مہینے اور دن کے اعتبار سے لی جائے گی ۔ایک بینک فیس کی وصولی پر مامور ہے اور وہ مقررہ حکمت عملی کے عین مطابق فیس لے رہا ہے ۔ کئی بینک سابقہ نظام کے تحت فیس وصول کر رہے ہیں ۔بہتر ہو گا کہ محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر سے رجوع کرنیوالے مقررہ بینک میں مرافق فیس جمع کرائیں ۔ الطلحی نے بتایا کہ کوئی شخص خروج و عودہ نکلوانے کیلئے رجوع کرے گا تو ایسی حالت میں اس سے خروج و عودہ کی مطلوبہ ایام کی فیس اور مرافق فیس اقامہ کی باقیماندہ مدت کے حساب سے طلب کی جائے گی ۔اسی طرح اگر کسی کے اقامہ کی مدت ایک ماہ 3دن ہو گی تو اس سے 103ریال وصول کئے جائیں گے ۔ مرافق فیس کی ابتداء یکم جولائی 2017ء سے ہوئی ہے ۔ اسی تاریخ سے مرافق فیس کا اعتبارہو گا۔محکمہ پاسپورٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کوئی شخص محکمہ سے کسی بھی خدمت کیلئے رجوع کرے گا وہ خروج و عودہ ہو یا خروج نہائی ہو یا اقامہ کی تجدید ہو تو ہر حالت میں اس سے مرافق فیس وصول کی جائے گی ۔ الطلحی نے توجہ دلائی کہ کسی نے خروج نہائی لیا تووہ 2مہینے کیلئے موثر ہوتا ہے لہٰذا اس سے خروج نہائی سے پہلی والی مدت اور 2ماہ کے خروج نہائی کی فیس وصول کی جائے گی ۔جنوری 2018ء سے فی تابع 200ریال وصول کئے جائیں گے ۔ سعودی شہری کی غیر ملکی ماں سعودی بیٹے کی کفالت میں ہونے کے باعث مرافق فیس سے مستثنیٰ ہو گی ۔مرافق اور تابع کی فیس سے کسی بھی قومیت کے شہریوں کو استثنیٰ نہیں ہو گا ۔ تابعین میں بیوی ، بیٹیاں ، 18برس سے کم عمر کے بیٹے اور مرافقین کے تحت 18برس سے زیادہ عمر کے بیٹے ، دوسری ، تیسری اور چوتھی بیوی ، ماں باپ ، ساس سسر ، گھریلو ملازم ، ڈرائیور اور ہر وہ شخص جو اس کی کفالت میں ہو داخل ہو گا ۔

شیئر: