ریاض- - - - سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے مرافقین اور تابعین پرمقرر کی جانیوالی فیسوں سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیس کا فیصلہ جاری ہونے سے قبل بیرون مملکت موجود ان مرافقین اور تابعین کے حوالے سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی جو سعودی عرب واپس نہیں آنا چاہتے ۔محکمہ پاسپورٹ کے عہدیدار نے واضح کیا کہ اگر کسی مقیم غیر ملکی کے مرافقین بیرون مملکت سے سعودی عرب واپس آنا نہیں چاہتے تو غیر ملکی ان کی فیس ادا کرنے کا پابند نہیں ہو گا ۔ جوازات کے عہدیدار نے الیوم جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس زمرے میں آنیوالے تارکین کے معاملات کا تصفیہ خروج و عودہ کی میعاد ختم ہونے کے ایک ماہ بعد کیا جائے گا ۔ غیر ملکی کو جوازات سے رجوع کرنا ہو گا جہاں ایک خانہ ’’ خرج و لم یعد‘‘ (چلا گیا واپس نہیں آیا)کے تحت فیس کا تصفیہ ہو گا ۔جوازات کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ اگر کوئی غیر ملکی مستقبل میں اپنے مرافقین اور تابعین کو بلانا چاہے گا تو ایسی حالت میں اسے نئے اقامے بنوانے ہوں گے ۔ عکاظ اخبار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سعودی مائوں کی غیر ملکی اولاد ، سعودی شہری کی ماں (بیوہ یا مطلقہ)کو بھی فیس سے استثنیٰ حاصل ہے ۔ علاوہ ازیں جو مرافق اور تابع ’’ خرج و لم یعد‘‘کے تحت اندراج کرا چکے ہوں ان پر بھی کوئی فیس نہیں ہو گی۔سعودی عرب کے سرکاری تعلیمی اداروں سے منسلک طلبہ سے بھی کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی ۔ ایسے مقیم غیر ملکیوں سے بھی کوئی فیس نہیں وصول کی جائے گی جو بغیر مرافق یا تابع کے رہ رہے ہوں ۔گھریلو عملے پر کوئی فیس نہیں ہو گی البتہ اگر گھریلو عملے میں سے کوئی مرافق یا تابع رکھے ہوئے ہو تو اس سے ضرور فیس لی جائے گی ۔ وزٹ والوں سے بھی مزید کوئی فیس نہیں لی جائے گی ۔ جو شخص بھی خروج و عودہ یا اقامہ کی تجدید کیلئے جوازات سے رجوع کرے گا اس سے اس وقت مرافقین و تابعین فیس وصول کی جائے گی ۔