حیدرآباد- - - - - تلنگانہ میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ کے پروگرام ہریتا ہارم کے تیسرے مرحلہ کے آغاز کی تاریخ تیزی سے قریب آتی جارہی ہے۔حیدرآباد میٹروپولیٹن اتھارٹی(حمڈا)اپنے حدود میں1.10کروڑپودوںکی شجرکاری پوری کرنے کیلئے تیار ہے۔علاوہ ازیں گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی )اور دیگر اطراف کی بلدیات میں 50لاکھ پودوںکی شجرکاری کیلئے ا ن پودوں کو سپلائی کیا گیا ہے۔اس مرتبہ حمڈا نے آئوٹر رنگ روڈ اور منظورشدہ لے آئوٹس میں شجرکاری کیلئے زیادہ توجہ مرکوز کردی ہے۔اس سال حمڈاگزشتہ سال کے مقابلہ مزید10 لاکھ پودوںکی شجرکاری کرے گی۔اتھارٹی نے گزشتہ سال ایک کروڑپودوںکی شجرکاری کی تھی ۔ افسروںنے دعویٰ کیا ہے کہ تقریباً 90فیصد پودے برقرار ہیں۔ان کوکوئی نقصان نہیںپہنچا۔ 1.10کروڑمیں سے 20لاکھ پودوں کی شجرکاری آئوٹررنگ روڈ پر کی جائیگی ،ساتھ ہی سرویس روڈز ،ریڈئیل روڈز، مین کیریجس اور دوسرے مقامات پر یہ پودے لگائے جائیں گے۔منظورہ لے آئوٹس میں پودوںکی شجرکاری کرتے ہوئے اطراف کے علاقوں میں سرسبزی وشادابی کوفروغ دینے بلڈرز اور ڈیولپرز پر زور دیتے ہوئے حمڈ اکے کمشنر ٹی چرنجیلو نے کہاکہ 10لاکھ پودے مختلف ڈیولپرز کو فراہم کئے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ حمڈ ا کے حدود میں کھلے مقامات پر شجرکاری کا منصوبہ ہے۔اس طرح 100ہیکٹرز کااحاطہ کیاجائیگا۔جی ایچ ایم سی ،گرام پنچایتوں ، غیر سرکاری تنظیموںاور عوام کو پودوں کی تقسیم کے علاوہ ،حمڈا پارکس پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔تقریبا10 لاکھ پودے بشمول دوائوں کے پودوں کی شجرکاری اس پروگرام کے دوران کی جائیگی۔گزشتہ سال حمڈا نے تقریباً 70کروڑ روپئے ہریتا ہارم پروگرام کے دوران لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال اور دیگر مقاصد کیلئے صرف کئے تھے اور جاریہ سال زیادہ رقم کئے صرف کئے جانے کا امکان ہے۔جاریہ سال حمڈا کو اضافہ علاقہ دیا گیا ہے جس کااحاطہ کرتے ہوئے پودوںکی شجرکاری کاکام کیاجائے گا۔یادگیر گٹہ ٹمپل ڈیولپمنٹ اتھارٹی علاقہ میں5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ وہاں مزید سرسبزی وشادابی ہو۔