نئی دہلی۔۔۔۔کینسر سے متاثرہ 25سالہ پاکستانی خاتون نے ہندوستانی سفارتخانہ سے اپنے ویزہ درخواست مسترد ہونے کے بعد وزیر خارجہ سشما سوراج سے اپنے ویزے کیلئے درخواست کی ہے۔ فائزہ تنویر چہرے پر کینسر سے متاثر ہے۔ وہ غازی آباد میں اندر پرستا ڈینٹل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں علاج کیلئے پہلے ہی 10لاکھ روپے جمع کرواچکی ہیں لیکن اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ان کی میڈیکل ویزہ کی درخواست مسترد کردی۔ تنویر کی والدہ نے دعویٰ کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بگڑتے ہوئے تعلقات کے باعث درخواست مسترد کی گئی جس کے نتیجے میں تنویر نے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔ تنویر نے اپنی تصویر اور وڈیو بھی پوسٹ کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں اس نے کہا کہ میڈم میری زندگی بچانے میں مدد کیجئے۔ اپنے دوسرے ٹویٹ میں اس نے کہا کہ سشما جی برائے مہربانی میری مدد کیجئے!۔اطلاعات کے مطابق پاکستان سے ہر ماہ تقریباً 500مریض علاج کیلئے ہند آتے ہیں۔ بے شمار ایسے ہیں جنہیں جگر کے ٹرانسپلانٹ کی ضرورت پڑتی ہے جس پر 20سے 30لاکھ روپے خرچ ہوتا ہے۔