اسلام آباد... قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اقتدار اور ذاتی مفاد کی خاطر ملک، جمہوریت اور اداروں کو داو پر نہ لگائیں ورنہ اس روش کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔اپنے ایک بیا ن میں انہوں نے کہا ہے کہ نواز حکومت انصاف کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرکے پھر ماضی کو دہرانا چاہتی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی یہ کوشش ملک و قوم، جمہوریت اور پارلیمنٹ کیلئے تباہ کن ہوسکتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قطری شہزادے کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں اگر قطری شہزادے کے خط کو قانونی طور پر درست مان لیا جائے تو پھر ہر ٹیکس چور اور کالے دھن والا کسی شہزادکسی امیر زادے کا خط لا کر قانون اور انصاف کا مذاق اڑائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانا مہ کیس میں نواز شریف، ان کے فیملی ممبران اور وزرا جس دھمکی آمیز رو و ئیے کا مظاہرہ کررہے ہیں وہ عدل و انصاف کی پامالی کے مترادف ہے۔ صاف نظر آرہا ہے کہ پانا مہ میں ملوث کردار اور حکومتی وزرا شور مچا کر اور ماحول کو کشیدہ کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں ۔بطور حکومت اسے انصاف کی راہ میں رکاوٹ بننے سے باز رہنا چاہئے۔