ریاض - - - - - ہندوستانی وزیر مملکت برائے پارلیمانی و اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے واضح کیا ہے کہ حکومت ہند نئی حج پالیسی تیار کرر ہی ہے۔آئندہ برس ہندوستانی حجاج سمندر کے راستے ارض مقدس بھیجے جائیں گے ۔ ہندوستان ، انڈونیشیا اور پاکستان کے بعد سب سے زیادہ حجاج بھیجنے والا ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت وہ نئی حج پالیسی سے متعلق تفصیلات بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہے البتہ یہ بات پورے یقین کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ نئی پالیسی سے ہندوستانی حاجیوں کو مزید سہولتیں ملیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت نے ہندوستان کیلئے حج کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے ۔ گزشتہ برس ایک لاکھ 30ہزار کا کوٹہ تھا امسال بڑھا کر ایک لاکھ 70ہزار کر دیا گیا ہے ۔ سعودی عرب نے 2012ء کے دوران ہندوستان سمیت تمام ممالک کے حج کوٹے میں کمی تھی ۔ نقوی نے توجہ دلائی کہ حکومت ہند ہندوستانی حاجیوں کو سمندر کے راستے بھیجنے کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے جہاز راں اور کارگو کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں ۔ فضائی سفر مہنگا ہو جانے کے بعد سمندر کے راستے حجاج کو بھیجنے کی تجویز زیر غور آئی ۔ خاص طور پر ریاست تلنگانہ کے حاجیوں کو سمندر کے راستے بھیجنے کی تجویز پر غوروخوض ہو رہا ہے ۔ دریں اثناء ہندوستانی وزیر جہاز رانی نے بتایا کہ حکومت ہند نے گزشتہ 30برسوں کے دوران سمندری راستہ اختیار نہیں کیا ۔ ہندوستان کی کارگو کمپنیوں کے ساتھ حکومت کے مذاکرات بیحد مثبت اور کارگر ثابت ہوئے ۔ نقوی نے کہا کہ سعودی حکام کے ساتھ اس موضوع پر بات چیت ہوئی مملکت نے اس سلسلے میں ہمارے ساتھ بڑے تعاون کا وعدہ کیا ہے ۔ غالباً آئندہ سال ہندوستانی حاجی سمندر ہی کے راستے مملکت پہنچیں گے ۔