ریاض (ذکاء اللہ محسن) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ ریاض کے زیر اہتمام بانی لبریشن فرنٹ ملک شفیع مرحوم، سردار آفتاب خان اور سینئر رہنماحافظ ظفر کا تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس کے مہمان خصوصی سردار سلیم خان آفتاب اور اعزازی مہمان سردار طاہر بشیر تھے۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت خواجہ نثار احمد قادری نے کی۔ سردار سلیم خان آفتاب نے کہا کہ سردار آفتاب خان ، ملک محمد شفیع اورحافظ ظفر ؒ کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ مشکل حالات میں بھی ثابت قدم رہے۔ ہم اپنے قائدین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ چیئرمین لبریشن فرنٹ یاسین ملک اور مرکزی قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں۔ اسی صورت میں ہم کامیاب ہو سکتے ہیں۔ سردار سلیم خان آفتاب نے کہا کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین اپنی آنکھیں کھولے۔کشمیر میں ہندوستان نے جو ظلم و جبر کا بازار گرم کر رکھا ہے، اس کا نوٹس لے۔ طاہر بشیر نے کہا کہ سردار آفتاب خان، ملک محمد شفیع اور حافظ ظفر نے نامساعد حالات میں تحریک کیلئے کام کیا۔ ان کی تنظیم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ خواجہ نثار احمد قادری نے کہا کہ قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ سردار شہزاد، سردار اعجاز، سردار امجد ، کبیر خان، محمد سعید، وحید عباسی اور دیگر مقررین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔