دوحہ- - - - امریکہ اور قطر کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کا سمجھوتہ طے پاگیا ۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دوحہ کے دورے کے موقع پر منگل کو سمجھوتے پر دستخط کئے گئے ۔ٹلر سن نے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان کے ساتھ خلیج بحران اور دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ٹلر سن کے مشیر آر سی ہیمنڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ قطر اور امر یکہ نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔اس میں قطر کی مستقبل میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوششوں اور دہشت گردی کی فنڈنگ کی روک تھام کے معاملے کو طے کرنے کے لئے رہنما خاکہ وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امید افزا قدم ہے۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی کے علمبردار عرب ممالک سعودی عرب،مصر ، امارات اور بحرین نے مشترکہ بیان جاری کر کے واضح کیا کہ دہشت گردی کے انسداد سے متعلق امریکہ اور قطر کی جاری کردہ یادداشت ناکافی اقدام ہے۔ چاروں ممالک نے توجہ دلائی کہ وہ دہشت گردی کی فنڈنگ کو سرپرستی کے قطری تصرفات کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ چاروں ممالک نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے امریکی کوششوں پر اس کا شکریہ ادا کیا۔ قطر کے حکام تمام معاہدوں اور عہد و پیمان کو توڑنے کا وتیرہ اپنائے ہوئے ہیںلہذا جب تک قطری حکام تمام منصفانہ مطالبات پورے نہیں کریں گے اس وقت تک قطر کے خلاف مقررہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔