لکھنؤ- - - - یوگی حکومت کے 3 ماہ میں ڈکیتی کی چھٹی واردات نے لکھنؤ کو دہلاکر رکھ دیا۔ وہیں گزشتہ 48 گھنٹوں میں ڈکیتی کی دوسری واردات نے لکھنؤ کے ٹرانس گومتی علاقے میں بدمعاشوں کے بلند حوصلے کی تصویر سامنے لا دی ہے۔ جمعرات کی شب میں پی جی آئی میں ایک ملازمہ کو لوٹنے کے بعد بدمعاشوں نے گومتی نگر میں ایک دوسرے ریٹائرڈ افسر کے گھر ڈکیتی کی واردات کو انجام دیا۔بدمعاشوں کے بلند حوصلے کا اندازہ اسی سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2ماہ پہلے گومتی نگر کے جس علاقے میں ڈکیتی پڑی تھی، گزشتہ رات اسی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بار یوپی پولیس کے سابق ڈی جی پی ایم سی دویدی کا پڑوسی شکار بنا۔ 3 مہینے میں گومتی نگر، پی جی آئی میں ڈکیتی کے 6 وارداتیں ہو چکی ہیں لیکن سراغ کسی کا نہیں لگا۔ ایک ہی علاقے میں ڈکیتی کی دوسری واردات سے پولیس پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔9 مئی کی رات گومتی نگر کے وویک کھنڈ 1 میں بدمعاشوں نے پراپرٹی ڈیلر چمن لال دیواکر کے گھر کو نشانہ بنایا تھا، پھر اسی وویک کھنڈ 1 کے مکان نمبر 128 میں رہنے والے وکاس کمار پانڈے کے گھر کو بدمعاشوں نے نشانہ بنایا گیا ۔2دن پہلے ہی پی جی آئی کے ساؤتھ سٹی میں نوکری پیشہ جوڑے کے ساتھ واردات ہوئی تو اس سے پہلے پی جی آئی کے ہی ورنداون کالونی میں گزشتہ جون میں ڈکیتی کی 2 وارداتیں ہو گئیں۔