Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: تارکین فیملی وطن بھیجنے کی غلطی نہ کریں، سید علی محمود

جدہ ( امین انصاری ) جی 21 بزنس گروپ جدہ نے ڈاکٹر سید علی محمود کی نگرانی میںمقامی ہوٹل میں عید ملن تقریب کا اہتمام کیا ۔ صدارت شمیم کوثیر ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ نے کی۔حیدرآباد کے معروف تاجر سید لطافت حسین عرف جیلانی پاشاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ناظم سید خواجہ وقار الدین نے تمام شرکاء کا استقبال کیا اور عید کی پرخلوص مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کٹھن سے کٹھن حالات میں بھی رب کائنات کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہتی ہے ۔ انہیں معلوم ہے کہ مسائل کا حل اسی درسے پورا ہونے والا ہے ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ مملکت میں مقیم تارکین وطن حالات سے گھبراکر اپنی فیملی کو وطن بھیجنے کی غلطی نہ کریں ۔حالات اور وقت کا مقابلہ کرنا ہی مومن کی پہچان ہے ۔ ہم اپنے رب کی طرف رجوع ہوں اور اپنی فضول خرچیوں سے اجتناب کرتے ہوئے اپنی آمدنی کے ذرائع کو بڑھائیں اوراپنے بچوں کو اپنے سایئہ عافیت میں رکھتے ہوئے انہیںپروان چڑھتا دیکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ارض مقدس کا احترام اور حکومت وقت کی اطاعت ہم تمام تارکین کا فرض ہے ۔صدر تقریب شمیم کوثر نے کہا کہ سرزمین حجاز بے شمار لوگوں کی روزی کا ذریعہ بنی ہوئی ہے ۔یہاں پر لوگ جہاں معاش کو بہتر انداز میں حاصل کررہے ہیں وہیں حرمین شریفین کی زیارتوں سے بھی فیضیاب ہورہے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ فیض اس پاک سرزمین سے یوں ہی امت مسلمہ کو ملتا رہے گا ۔ اعجاز احمد خان نے کہا کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر لوگ اپنے دل چھوٹے کرتے ہوئے فیملی پرعائد 100 ریال کی بات کررہے تھے ۔ہمیںمایوس نہیں ہونا چاہئے خدا نے ہمیں اولاد دی ہے وہی ہمارے مسائل کا حل بھی نکالے گا ۔ کیا عجب ہے کہ ہماری کمپنی ہمارے مسئلہ کو حل کردے ۔ عبدالرحمن بیگ نے کہا کہ یقینا ہمارے وسائل محدود ہیں ۔ ہم کو انہیں وسیع کرنے کی طرف توجہ دینا چاہئے ہم ارادہ کرلیں کہ اپنی فیملی کو اپنے ساتھ رکھیں گے تو اللہ تعالیٰ اسباب بھی فراہم کرے گا ۔ مرزا قدر نواز بیگ نے تجویز پیش کی کہ ہم اجتماعی طور پر مملکت یا وطن عزیز میں کوئی تجارت کا آغاز کریں جس سے ہمیں کچھ آمدنی حاصل ہوسکے ۔ مہمان خصوصی سید لطافت حسین نے کہا کہ وطن عزیز سے دور حصول معاش کیلئے یہاں قیام پذیر تارکین اپنے سینے میں قوم و ملت کا درد رکھتے ہیں اور جو مسلمان اپنے سے زیادہ دوسروں کی پریشانیوں اور مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کا حامی و ناصر ہوجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا کہ جدہ میں مقیم حیدرآبادی اپنے ہم وطنوں کے مالی ، معاشی ، سماجی اور تعلیمی مسائل کو حل کرنے میں سرگرداں ہیں ۔یہاں ریاست تلنگانہ کی 20 تنظیمیں ہیں جن کے اراکین اپنی اپنی جیب خاص سے ملت کی سرخروئی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں یہ ایک زندہ قوم کی نشانی ہے ۔ انہو ںنے جی 21 بزنس گروپ کے اتحاد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروپ انتہائی کم وقت میں اتفاق رائے کے ساتھ اپنے مشن کو جس تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے بہت جلد یہ آسمان کی بلندیوں کو چھولے گا ۔انہوں نے اس کیلئے ڈاکٹر سید علی محمود ، اعجاز احمد خان ، سید خواجہ وقار الدین اور تمام ممبران کو دلی مبارکباد دی ۔ ایونٹ کوآرڈینیٹر محمود مصری نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور عید کی دلی مبارکباد پیش کی ۔ تقریب میں شرکت کرنے والے معززین میں خلیل مسکینی ، سید افضل ، سید عبدالقدیر، سعید احمد ، الطاف شہریار، میر عارف علی ، محمد خیال الدین ، محمد کلیم ، ابوبکر الیافعی،محمد عبدالمجید ، سید خلیل حسین اور ممبران کی کثیر تعداد موجودتھی۔شرکاء نے اس موقع پر عہد کیا کہ انشاء اللہ ہم اپنی فیملی کے ساتھ مملکت میں قیام پذیر رہینگے اور خدمت خلق کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں گے ۔ خلیل مسکینی کی دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا ۔

شیئر: