ٹوکیو- - - - موبائل فونز کی دنیا میں آئے دن ایک نئی پیشرفت نظر آتی ہے اور کاروباری مسابقت کا عالم یہ ہے کہ مختلف موبائل کمپنیاں بازار میں اپنا قدم جمائے رہنے کی غرض سے نت نئی چیزیں لے کر آئے دن سامنے آتی ہیں۔ اب جاپان کی ایک کمپنی نے ایسا موبائل فون تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس سے موبائل فون کا صارف اپنے بدن کی اٹھنے والی بو کو نہ صرف محسوس کرسکے گا بلکہ یہ بھی معلوم کرسکے گا کہ یہ بو کس قسم کی ہے۔ 265 ڈالر میں دستیاب فون بنانے والوں کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس پسینہ، جلد کے اندر کی چربی، اور عمر درازی کی مختلف مہک کے درمیان فرق کو واضح طور پر ظاہر کرسکتا ہے۔ جاپان جلد ہی اس موبائل فون کو بیرون ملک برآمد کرنے کا پروگرام بنا رہا ہے اس کی تیاری کا سہرا کونیکا مینولٹا کے سر ہے اور اس کی ڈیزائننگ 43 سالہ سائنسداں اور موبائل انجینیئر ہیروشی آکیاما نے کی ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ انسان اپنے پسینے کی بو وغیرہ کو اچھی طرح نہیں پہچانتا اور اگر پہچان لے تو اسے بہت اندرونی بیماریوں کا پیشگی علم ہوسکتا ہے اور وہ قبل ازوقت علاج کراسکتا ہے۔