ٹاف ایمبینکمنٹ، کارڈف- - - - - بچوں کی خوشی کیلئے والدین کو کیا کیا کرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ بہت سے لوگوں کو ہوگا مگر کچھ والدین بچوں کی اس خوشی کو مستقل شکل دینے کی کوششیں بھی کرتے ہیں ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والے فیض بلال نامی شخص نے اپنے بیٹے کیلئے گھر کے سامنے کی باڑ کو بڑی خوبصورتی سے تراش کر کار کی شکل دے دی جسے دیکھ کر آس پاس کے سب لوگ حیرت زدہ ہیں اور ان کے فن کی تعریف کررہے ہیں کیونکہ وہ پیشے کے اعتبار سے باغباں نہیں بلکہ اسپتال میں ہپنو تھراپسٹ کے طور پر کام کرتے ہیں اور جزوقتی ٹیکسی ڈرائیور بھی ہیں۔ انہوں نے اپنے بچے کا شوق پورا کرنے کیلئے اس وقت یہ کام شروع کیا تھا جب ان کا بچہ 4 سال کا تھا اور اب وہ 14 سال کا ہوچکا ہے یعنی فیض بلال کو دس سال تک اس کام پر توجہ د ینا پڑی ہے۔ فیض بلال کا کہنا ہے کہ ان کے بچے کو گاڑیاں بہت پسند ہیں اور اس کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے آس پاس بہت ساری گاڑیاں موجود رہیں۔ ان کے پاس گھریلو استعمال کیلئے ایک گاڑی ہے لیکن ظاہر ہے کہ وہ مستقل کھڑی نہیں رہتی اور یہی چیز بچے کو بری لگتی ہے چنانچہ گاڑی کو مستقل طور پر موجود رکھنے کیلئے انہوں نے یہ طریقہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کار نما باڑ کی وجہ سے مکان بھی زیادہ خوبصورت لگنے لگا ہے اور نیاز نامی ان کا بیٹا تمام دوستوں کو یہ باڑ دکھاتا ہے اور خوش ہوتا ہے۔