ریاض - - - - -سعودی وزارت تعلیم نے غیر ملکی اور نجی اسکولوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے تعلیمی سال 1438-39ھ کے دوران بیرون مملکت سعودی اسکولوں میں مقرر سعودی تہذیب و تمدن ، دینیات اور عربی زبان کی تعلیم کے مضامین اپنے یہاں پڑھائیں ۔ ریاض ریجن میں ادارہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبداللہ المانع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ تمام اسکولوں کو اس پابندی سے تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ۔ انہیں بتا دیا گیا کہ آئندہ تعلیمی سال سے پابندی پرعملدرآمد لازم ہوگا ۔ سعودی وزارت تعلیم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام غیر ملکی اور نجی اسکول اپنے طلبہ و طالبات کو سعودی عرب سے متعارف کرائیں انہیں یہاں رائج اقتدار و روایات سے آگاہ کریں ۔ یہاں کے تمام اسکولوں میں اس حوالے سے پڑھایا جانیوالا کورس یکساں ہو۔پرائمری ، مڈل اور ثانوی اسکولوں میں سعودی تہذیب و تمدن، اسلامی تربیت اور عربی زبان کے مضامین پڑھائے جائیں ۔ ڈاکٹر عبداللہ المانع نے کہا کہ اس پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے تمام اسکولوں کے دورے کئے جائیں گے ۔