Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کا سب سے بڑا فیرس ویل ’عین دبئی‘ دوبارہ گھومنے کو تیار

حکام کے مطابق ’عین دبئی‘ کے دوبارہ فعال ہونے کی ممکنہ تاریخ کا اعلان جلد کردیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
دو سال تک رُکے رہنے کے بعد دبئی میں واقع دنیا کا سب سے بڑا فیرس ویل ’عین دبئی‘ جلد دوبارہ کھلنے والا ہے۔
پراپرٹی کمپنی دبئی ہولڈنگز کے ایک نمائندے نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’سیاحوں کی توجہ کا مرکز 250 میٹر (820 فٹ) بُلند ’عین دبئی‘ کی دیکھ بھال کا کام جاری تھا اور اب یہ دوبارہ سیاحوں کو منفرد تفریح فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔‘
نیتھن مارکون کا کہنا ہے کہ ’ہمارے پاس تاحال کوئی حتمی تاریخ نہیں ہے، تاہم یہ آئندہ چند ماہ کے دوران کُھل سکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’فیرس ویل کے دوبارہ فعال ہونے کی ممکنہ تاریخ کا اعلان جلد ’عین دبئی‘ کی آفیشل ویب سائٹ پر کردیا جائے گا۔‘
بدھ کو اس دیوہیکل پہیے کو گُھومتا دیکھ کر عرب نیوز نے دُبئی ہولڈنگز کے نمائندے نیتھن مارکون سے بات کی تھی۔
’عین دبئی‘ کو اکتوبر 2021 میں بلیو واٹرز آئی لینڈ پر سیاحوں کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس میں 48 کیپسولز ہیں جن میں بیک وقت 1750 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔
اس کے افتتاح کے فوری بعد دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن راشد المکتوم کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ ’عین دبئی‘ کے سب سے اُوپر والے کیپسول پر بیٹھے چائے سے لُطف اندوز ہو رہے تھے۔
 دنیا کے سب سے بڑے فیرس وہیل کا ریکارڈ قائم کرنے کے باوجود ’عین دبئی‘ ’لندن آئی‘ سے تقریباً دوگنا اُونچا ہے۔
واضح رہے کہ ’عین دبئی‘ نے مارچ 2022 میں گُھومنا بند کر دیا تھا۔ اس وقت بتایا گیا تھا کہ ’یہ صرف دو ماہ کے لیے بند رہے گا۔‘

شیئر: