Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کا بہت مضبوط رشتہ ہے، سچے ایمانی جذبے کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات ہیں۔‘
سنیچر کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ہمراہ سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھا۔
رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’ہم کم سن حفاظ قرآن کے لیے آج اکٹھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت حفاظ قرآن کو اہمیت دیتی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان کی پہچان سچا ایمان اور قربانیاں ہیں۔ جو شخص بھی پاکستان کا دورہ کرتا ہے اسے اسلام کی سچائی نظر آتی ہے۔‘
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم اپنے عقیدے اور اسلامی اقدار سے محبت کرنے والی قوم ہے۔‘
’دنیا کی ہدایت کے لیے قرآن مجید کو نازل کیا گیا۔ اسے سمجھنے کے بعد ہی اس پر عمل کیا جا سکتا ہے، یہ معتدل تعلیمات پر مشتمل ہے۔‘
خیال رہے کہ تقریب کے مہمان خصوصی رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ تھے جبکہ صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
تقریب میں سعودی سفیر، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ، علما اور مدارس کے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور شہباز شریف نے سیرت النبی میوزیم کا سنگ بنیاد رکھا۔
سیرت نبوی کے بارے میں آگاہی اور نسل نو میں رسول اللہﷺ کی تعلیمات کے فروغ کے لیے تعمیر ہونے والا سیرت میوزیم جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پیغمبر اسلام کی زندگی کے مختلف ادوار اور اسلامی ثقافت کی تشکیل، اور اسلامی معاشرے کی تعمیر سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کا رابطہ عالم اسلامی کا ایک منصوبہ ہے۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ تقریب کے مہمان خصوصی تھے (فوٹو: وزیراعظم آفس)

اس منصوبے کے ذریعے تھری ڈی ٹیکنالوجی سمیت جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نئی نسل کو پیغمبر اسلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا جا سکتا ہے۔
اس سلسلے کا سب سے بڑا میوزیم مدینہ میں قائم کیا گیا ہے جبکہ سینیگال اور کچھ دیگر ممالک میں بھی سیرت میوزیم بنائے جا چکے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے دورہ پاکستان کا سب سے اہم مقصد سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھنا تھا۔
تقریب کے دوران وزیراعظم اور سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے 10 برس سے کم عمر کے حفاظ میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ’اس میوزیم کی تعمیر میں خادم الحرمین شریفین اور سعودی ولی عہد نے اہم کردار ادا کیا ہے جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میوزیم اسلاموفوبیا کے خلاف ایک توانا آواز بن کر ابھرے گا اور نظریاتی طور پر ہونے والے اختلاف و مسلمانوں کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ بھی کرے گا۔
میوزیم کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ’سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا، سیرت میوزیم کا قیام ایک عظیم منصوبہ ہے جو منفی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دے گا۔‘

تقریب کے دوران وزیراعظم اور سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے حفاظ میں انعامات تقسیم کیے (فوٹو: وزیراعظم آفس)

ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ اس کا اظہار انہوں نے میرے حالیہ دورے میں بھی کیا ہے، سعودی قیادت کے جذبات اور خصوصی توجہ پاکستان کے لیے قیمتی سرمایہ ہے اور محمد بن سلمان نے خود کہا کہ پاکستان ہمارے دل کے بہت قریب ہے۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’سعودی عرب ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مشکل میں ہمیشہ ہمارے ساتھ دل کھول کر تعاون کرتا ہے۔‘
’حالیہ دورے میں ولی عہد محمد بن سلمان نے یقین دہانی کرائی کہ سعودی عرب پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا کیونکہ سعودی عرب پاکستان اور اس کے عوام کے لیے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتا ہے۔‘
وزیراعظم نے بتایا کہ ’بہت جلد سعودی عرب سے اعلٰی سطح کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان آمد پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت اور عوام کی طرف سے اُن کو خوش آمدید کہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’فلسطینی اس وقت اسرائیلی ظلم اور شدید مسائل کا شکار ہیں جس کے لیے رابطہ عالمی اسلامی کا ادارہ بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے۔‘
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر سطح پر مسائل کا شکار مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’سعودی عرب ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے‘ (فوٹو: وزیراعظم آفس)

تقریب سے خطاب میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’کم سن حفاظ قرآن میں انعامات کی تقسیم کی تقریب میں شرکت باعث اعزاز ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد رکھنے کو سراہتے ہیں۔‘
’رابطہ عالم اسلامی دنیا کے سامنے اسلام کی تعلیمات کو اجاگر کر رہا ہے۔ رابطہ عالم اسلامی مسلم ممالک کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے کا خواہاں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم پاکستان کی ترقی و خوش حالی میں اس کے ساتھ ہیں۔‘

شیئر: