Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ رائیڈرز کلب کا سیاحت کے فروغ کے لیے منفرد انداز

یہ علاقہ فطرت کے حسن اور خوب صورتی کے مشاہدے کی بہترین منزل ہے۔ فوٹو عرب نیوز
الباحہ رائیڈرز موٹرسائیکل کلب سیاحوں کے منفرد شوق کی تکمیل کے لیے الباحہ شہر کے قرب و جوار کے دلفریب مناظر کی دعوت دے رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق باحہ شہر کے پیشہ ور موٹرسائیکل سواروں کا گروپ ’الباحہ رائیڈرز‘ پرعزم انداز میں تازہ آب و ہوا سے مزین شہر کے خوب صورت قدرتی مناظر پیش کر رہا ہے۔

باحہ رائیڈرز گروپ 2013 میں قائم کیا گیا جو 74 ارکان پر مشتمل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

باحہ رائیڈرز کے ترجمان شائق بن علی بتاتے ہیں کہ الباحہ کا بیشتر علاقہ کئی دہائیوں سے سیاحوں کے لیے فطرت کی بے ساختہ حسن اور خوب صورتی کا مشاہدہ کرنے کی بہترین منزل ہے۔  
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں سروات پہاڑوں پر واقع باحہ شہر مملکت کے معروف سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے جہاں چاروں طرف تازہ آب و ہوا اور وسیع و عریض جنگلات ہیں۔
باحہ رائیڈرز نے موٹرسائیکل کے شوقین سیاحوں کو شوق کی تکمیل کے لیے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے باحہ کی سیر کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
شائق بن علی نے بتایا کہ یہاں آنے والے بہت سے سیاح ہمارے گروپ کے ہمراہ موٹرسائیکل چلانے کا دلکش تجربہ حاصل کرتے ہیں۔

سعودی وژن 2030 کے اہداف میں انفرادی کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

باحہ رائیڈرز گروپ 74 ارکان پر مشتمل ہے، جو صالح الغامدی نے 2013 میں قائم کیا، گروپ میں شامل تمام رائیڈرز سعودی آٹوموبائل اور موٹرسائیکل فیڈریشن سے منظور شدہ ہیں۔
اس گروپ نے اپنے قیام کے بعد سے متعدد بڑی کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔
رائیڈرز ٹیم سرکاری سطح پر قومی اور مذہبی تہواروں، علاقائی مقابلوں اور دیگر سرکاری تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت کرتی ہے۔

رائیڈرز گروپ میں شعبہ طب کے افراد، انجینیئرز، طلبہ اور ریٹائرڈ شہری شامل ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

رائیڈرز گروپ ممبران میں شعبہ طب سے منسلک افراد، انجینیئرز، طلبہ، ریٹائرڈ شہری اور بہت سے شائقین شامل ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر رائیڈنگ کے تجربے کے ساتھ گروپ نے 2023 میں انڈیا میں ہمالیہ کے پہاڑی علاقے کا دورہ کیا اور دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ تک پہنچا۔
شائق بن علی نے بتایا کہ اس رائیڈنگ ٹور میں کئی خلیجی ممالک اور اردن کے خوب صورت علاقوں سے ہوتے ہوئے تقریبا 8000 کلومیٹر کا سفر طے کیا۔

موٹرسائیکل رائیڈنگ نوجوانوں کو نئے چینلز کی دعوت دیتی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

ہماری ٹیم گذشتہ چار برس سے باضابطہ طور پر سالانہ پروگرام کا اہتمام کرتی ہے جس میں عرب دنیا کے موٹرسائیکل سواروں کو باحہ آنے کی دعوت دیتی ہے۔
اس پروگرام کا مقصد باحہ کی تاریخی حیثیت کے علاوہ یہاں کے آثار قدیمہ اور سیاحتی مقامات کے حوالے سے دنیا کو روشناس کرانا ہے۔
موٹر سائیکلنگ رائیڈنگ منفرد شوق ہے جس میں گاڑی کے سفر کی طرح کوئی کھڑکی یا چھت اردگرد کے نظارے سے لطف اندوز ہونے میں رکاوٹ نہیں بنتی اور رائیڈر 180 ڈگری سے تمام ماحول سے مستفید ہوتا ہے۔

رائیڈرز باحہ کی تاریخی حیثیت اور سیاحتی مقامات سے روشناس کراتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے حفاظتی لباس پہن کر اور مناسب انداز سے موٹر سائیکل سواری کا تجربہ حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چونکہ موٹرسائیکل کلچر یہاں کی کمیونٹی کے لیے نسبتاً نیا ہے اور تاحال اسے مثبت طور پر نہیں لیا جاتا لیکن نقل و حمل کا یہ طریقہ انتہائی پرلطف ہے۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف میں انفرادی کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنا ہے اور موٹرسائیکل رائیڈنگ سعودی نوجوانوں کو نئے جوش و جذبے کے ساتھ مختلف چینلز کی دعوت دیتی ہے۔
 

شیئر: