Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تاریخی قلعہ ’اعیرف‘ جسے دیکھنے سیاح ضرور آتے ہیں

قلعے کا نام اعیرف پہاڑی کے نام  پر ہی رکھا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے حائل ریجن میں قدیم تاریخی قلعہ ’اعیرف‘ کا شمار اہم سیاحتی مقامات میں کیا گیا ہے۔ قلعے کی تعمیر 1790 میں ہوئی تھی۔ تاریخی حوالے سے اس قلعے کی غیرمعمولی اہمیت ہے۔
الاخباریہ چینل نے ایک دستاویزی فلم جاری کی ہے جس میں قلعے کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے قلعے کا نام اعیرف پہاڑی کے نام  پر ہی رکھا گیا تھا کیونکہ یہ اسی پہاڑی کی چوٹی پر تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ قلعہ عہد رفتہ میں غیرمعمولی اہمیت کا حامل تھا۔

ماضی میں قلعہ فوجی چھاؤنی اور قافلوں کی حفاظت کے لیے استعمال ہوتا تھا۔ اس کی بلند و بالا فصیل بیرونی حملے سے شہریوں کو محفوظ رکھنے اور دشمن پر نگاہ رکھنے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
قلعے کی موٹی مٹی کی دیواروں میں تیر اندازوں کے لیے مورچے بھی بنائے گئے تھے جہاں ہمہ وقت نگہبان موجود ہوتے تھے۔
موجودہ دور میں قلعے کو رمضان اور عید کا چاند دیکھنے کے لیے مخصوص کردیا گیا۔ یہاں ایک توپ نصب کی گئی جس کے ذریعے گولے داغے جاتے تاکہ شہریوں کو چاند دکھائی دینے کی اطلاع دی جا سکے۔

عہد رفتہ کی بے شمار یادیں سمیٹے قلعہ اعیرف آج سیاحوں کے لیے انتہائی اہم تاریخی مقام کی حثیت رکھتا ہے۔
ریجن میں آنے والے سیاح یہاں آنے کے بعد قلعے میں ضرور آتے ہیں جو آج بھی اسی طرز تعمیر کے ساتھ موجود ہے جسے دیکھ کر ماضی کو یاد کیا جاتا ہے۔

شیئر: