ریاض- - - - - - پاکستانی لیموزین ڈرائیور ریاض الدین علی خان کو بے دردی سے قتل کرنے والے ایتھوپیا کے 2شہریوں کے سر قلم کر دیئے گئے۔ سعودی وزارت داخلہ نے پیر کو ایک اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ ایتھوپیا کے شہری ہیلو گبوا سیلاسی اور برحی منگشا بینی پاکستانی ڈرائیور ریاض الدین علی خان کی لیموزین پر سوار ہوئے تھے۔ دونوں اسے آبادی سے دور لے گئے اور اسے تنہا پا کر زدوکوب کیا ۔ ان میں سے ایک نے پاکستانی لیمو زین ڈرائیور کو دھار دار آلے سے ہلاک کرنے کی دھمکی دی۔ گلا گھونٹ کر ڈرائیور کی نشست سے باندھ دیا گیاپھر اس کے گلے میں رسہ ڈال دیا گیا اور پھر دھار دار آلے سے پے در پے وار کئے گئے۔ اس کے پاس موجود نقدی چھین کر آپس میں بانٹ لی گئی۔ واردات کرنے والے جائے وقوع سے فرار ہو کر روپوش ہو گئے۔ ریاض پولیس نے رپورٹ ملنے پر جائے وقوع سے شواہد جمع کر کے واردات کرنے والوں کی تلاش شروع کر دی۔ بالآخر دونوں قاتلوں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ جج نے الزام ثابت ہوجانے پر دونوں کو حد حرابہ کے بموجب سر قلم کرنے کی سزا سنا دی۔ پیر کو ریاض میں سزا نافذ کر دی گئی۔ اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی فساد فی الارض کے جرم پر سر قلم کرنے کی سزا کی تصدیق کر دی تھی۔اس سزا پر عملدرآمد کے موقع پر ریاض میں موجود دسیوں لیموزین ڈرائیور پہنچے ہوئے تھے۔ اس سے ان کے حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔