انجلینا جولی گھریلو خاتون بن گئیں
جمعرات 27 جولائی 2017 3:00
نیویارک:عالمی شہرت یافتہ اداکارہ اور دنیا کی پرکشش خاتون کا اعزاز رکھنےوالی انجلینا جولی گھریلو خاتون بن گئیں ۔ اب وہ ایک عام خاتون کی طرح گھریلو کاموں میں زندگی گزار رہی ہیں ۔اس بات کا انکشاف انجلینا نے ایک امریکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا کہ اب وہ اپنی فنی مصروفیت کے بجائے گھر کےکاموں میں خود کو مصروف رکھتی ہیں۔انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ وہ اب ایک بہترین ماں بننا چاہتی ہیں۔ اپنے 6 لے پالک بچوں کے متعلق انجلینا کا کہنا ہے کہ بچے بہت بہادر ہوگئے ہیں، سب بچے بہت ذہین ہیں اور مجھے ان پر فخرہے۔ میرا گھر میری پہلی ترجیح بن گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں گھر کے تمام کام خود کرتی ہیں۔ وہ کھانا بنانا سیکھ رہی ہیں جبکہ کچن سنبھالنے سے لےکر صفائی ستھرائی سمیت تمام کام خود کررہی ہیں۔ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی اداکارہ جانی جاتی ہیں۔ ماضی میں ان کی بہترین اداکاری پر کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی جوڑی عالمی شہرت یافتہ رہی ہے تاہم اب دونوں اداکار علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔ انجلینا نے کئی سال قبل چند یتیم بچوں کو گود لیا تھا ۔وہ اب اکیلے ہی ان بچوں کی کفالت کررہی ہیں۔