آندھرا پردیش،کرنول- - - - - -غریبوں کو کم قیمت میں غذا کی سہولت کی فراہمی کیلئے انا کینٹینس کے قیام نے حکومت آندھراپردیش میں تیزی پیداکردی ہے۔کرنول ضلع کے نندیال میں ریاستی وزرا کے نارائنااور اکھیلا پریہ نے ایسے ہی ایک کینٹین کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے نارائنا نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں ایسے 2 ہزار کینٹین قائم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ این چندرابابونائیڈو نے ہدایت دی ہے کہ دوسرے مرحلہ میں 100 کینٹین قائم کئے جائیں۔اکشے پاترا فائونڈیشن اور اسکان تنظیم کے تعاون سے یہ کینٹین قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد غریبوں کو5 روپئے میں کھانافراہم کرنا ہے۔ ریاست کے دوسرے شہروں میں کینٹینس کے دوسرے مرحلے کا اکتوبر میں آغاز ہوگا۔وزیراعلیٰ این چندرابابونائیڈو نے اس خصوص میں فیصلہ کیا ہے۔اسکان اکشے پاترا تنظیم کے تعاون سے پہلے ہی ویلگاپوڑی میں اس طرح کے کینٹینس کامیابی کے ساتھ چلائے جارہے ہیں۔ اُسی جذبہ کے ساتھ ریاست بھر میں ان کی توسیع عمل میں لائی جائیگی۔ رضاکارانہ تنظیموں کے ساتھ مل کر یہ کینٹینس بلدیات اور سیول سپلائز کے محکمہ کی جانب سے چلائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس خصوص میں اہم مقامات کی نشاندہی کی ہدایت دی ہے۔ اسی ہدایت کے مطابق اہم مقامات کی نشاندہی کا کام اندرون ایک ہفتہ مکمل کرلیا جائے گا جہاں انفرااسٹرکچر کے قیام کے فوری بعد یہ کینٹینس شروع کردیئے جائیں گے ۔