Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کو نااہل قراردیکر پاکستان کو سی پیک بنانے کی سزا دی گئی، پاکبان

ریاض/جدہ ( ذکاء اللہ محسن/جاوید راہو)پانامہ کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کے فیصلے پر ریاض اور جدہ میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے پرجوش ردعمل دیتے ہوئے نوازشریف کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ ریاض سے ذکاء اللہ محسن کے مطابق مسلم لیگ ن ریاض ریجن کی جانب سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خالد اکرم رانا نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوتی ہے تو عالمی طاقتیں سازشیں کرنے میں مصروف ہو جاتی ہیں۔ نوازشریف کو کبھی ایٹمی دھماکے کرنے پر سزا دی گئی تو کبھی پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کرنے پر سزا ملی، آج بھی محمد نوازشریف کو پاکستان کو سی پیک بنانے کی سزا دی جارہی ہے عدلیہ کو قومی مفاد کو سامنے رکھنا چاہئے تھا ہم اب بھی اپنی لیڈر شپ کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی مسلم لیگ کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔سرپرست اعلیٰ چوہدری عبدالمجید گجر کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میرے لیڈر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے، سپریم کورٹ کی جانب سے اب تک 3 ہزار صفحات پر مشتمل رپورٹس سامنے آ چکی ہے کسی میں یہ ثابت نہیں ہوا کہ شریف فیملی نے اپنے دور اقتدار میں پاکستان میں جاری منصوبوں پر کوئی کرپشن کی ہے۔ رانا خادم حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے مگر اس میں عوامی مینڈیٹ کو کبھی پورا نہیں ہونے دیا گیا،اگر اقامہ رکھنا جرم ہے تو مشرق وسطیٰ میں کام کرنے والے تمام پاکستانی اقامہ ہولڈر ہیں تو اس لحاظ سے تو سبھی افراد قصوروار ٹھہرے، جمعیت علماء اسلام کے مولانا ہمایوں محسود کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں جمعیت علماء اسلام کے تمام ورکرز مسلم لیگ ن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،آج نوازشریف کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے وہ احتسابی نہیں بلکہ انتقامی ہے کیونکہ پانامہ پیپرز میں ہزاروں افراد کا نام آیا، عمران خان اور جہانگیر ترین جیسے افراد کی آف شور کمپنیاں بھی سامنے آئیں مگر ان کو ہر طرح سے ریلیف دیا جا رہا ہے۔ ہم سب کو حوصلے اور صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ پاک سرزمین پارٹی کے حنیف بابر کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو عدلیہ نے پھانسی پر چڑھایا اس کے بعد آج تک اس فیصلے کو نہیں مانا گیا۔ایک سیاسی جماعت کے سوا باقی تمام سیاسی پارٹیاں اس فیصلے پر اپنے تحفظات رکھتی ہیں۔ سردار شعیب احمد کا کہنا تھا کہ وہ بطور کشمیری یہ بات سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ میں کسی طرح پاکستان کے ساتھ الحاق کروں کیونکہ یہاں پر عوامی مینڈیٹ کا احترام نا ہونے کے برابر ہے۔کشمیری قوم پاکستان سے محبت کرتی ہے اور مسلم لیگ ہمیشہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق کام کیا ہے۔مسلم لیگ یوتھ کے راجہ یعقوب کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان آج کے فیصلے سے مایوس ہوا ہے ۔ آج بھی نوجوان طبقہ نوازشریف کا ہراول دستہ ہے۔ملک محمود اعوان کا کہنا تھا کہ نوازشریف جب بھی اقتدار کی کرسی پر بیٹھے تو انہوں نے عوام کی خوشحالی کے منصوبوں کو پروان چڑھایا۔ آج کہا جا رہا ہے کہ شریف فیملی تنہا ہوگئی ہمارے مخالفین یاد رکھیں کہ 1999 میں بھی پوری پاکستانی قوم اور ورکرز ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ کھڑے ہیں، رانا شبیر احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عدلیہ کی جانب سے ایسے فیصلے سامنے آئے جو عوامی رائے عامہ کے مطابق نہیں تھے۔جدہ سے جاوید راہوکے مطابق مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرزا الطاف حسین رہنما نے تمام کارکنوں کو اس بات کی مبارکباد دی کہ ان کے لیڈر نے انہیں شرمندہ نہیں ہونے دیا بلکہ ان کا سر فخر سے بلند کیا ہے کہ بحیثیت وزیراعظم اس نے خود کو اور اپنی فیملی کو احتساب کے لے پیش کیا۔ ان کی نااہلی کو شکست نہیں بلکہ فتح سمجھیں۔ مخالفوں کے ناپاک عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے۔ انفارمیشن سیکریٹری ملک حمایت علی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے خلاف اس طرح کے فیصلے کوئی نئی بات نہیں پہلے بھی کئی بار اسی طرح کے ہتھکنڈوں سے ہمارا راستہ روکا گیا ۔ نور محمد آرائیں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سعودی عرب کے حامی نواز شریف کی ساتھ ہیں ۔فاروق انجم،سیٹھ عابد، جدہ اور ملک جمشید علی نے نوازشریف کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

شیئر: