Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیکروسوفٹ ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

اس ایپلی کیشن کو لگ بھگ 17 کروڑ امریکی استعمال کرتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ مائیکرسوفٹ مشہور ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے مائیکروسوفٹ کی بات چیت جاری ہے اور وہ ٹک ٹاک کی فروخت کے لیے بولی کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے مائیکروسوفٹ نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ روئٹرز کے رابطہ کرنے پر ٹک ٹاک اور بائیٹ ڈانس کی جانب سے بھی ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
یاد رہے کہ 19 جنوری کو امریکہ میں ٹک ٹاک کو کچھ گھنٹوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
    
اس ایپلی کیشن کو لگ بھگ 17 کروڑ امریکی استعمال کرتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صدرات کا حلف اٹھانے کے بعد حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ٹک ٹاک کو 75 دنوں تک کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ٹک ٹاک کو خریدنے کے لیے اُن کی کچھ لوگوں سے بات چیت جاری ہے اور وہ اگلے 30 دنوں میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔
امریکی صدر نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ وہ دنیا کے امیر ترین شخص  ایلون مسک سے بھی اس بارے میں بات چیت کر رہے ہیں کہ وہ ٹک ٹاک کو خرید لیں تاہم اس بارے میں ایلون مسک نے کوئی بات نہیں کی۔
حالیہ دنوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) کی سٹارٹ اپ کمپنی پرپلگزٹی نے اپنی کمپنی کو ٹک ٹاک میں ضم کرنے کی پیشکش کی تھی۔
خیال رہے کہ صدرات کی پہلی مدت کے دوران قومی سلامتی پر خدشے کی وجہ سے حکم دیا تھا کہ ٹک ٹاک کے امریکی ورژن کو بائیٹ ڈانس سے الگ کر دیا جائے۔
سنہ 2020 میں مائیکروسوفٹ ٹاک ٹاک کو خریدنے کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی تاہم دونوں فریقین کے درمیان یہ بات چیت کامیاب نہ ہو سکی۔

 

شیئر: