سویڈن۔۔۔۔۔ سویڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میںیہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک خاص قسم کی غذا کا استعمال امراض قلب، حملۂ قلب اور فالج سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔لیونڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیاہے کہ بیریز، سبزیوں، دالوں، گریوں، چکن، مچھلی اور اجناس سمیت کم چکنائی والی اغذیہ جسم میں صحت کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی جبکہ اچھے کولیسٹرول میں ا ضافے کا سبب بنتی ہیں۔ تحقیق میں بتایاگیا ہے کہ یہ غذا چربی کے نقصان دہ اجزاء کی سطح کو بھی گھٹاتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ صحت بخش غذا جسم میں چربی کو بہتر بنا کر ورم کو کم کرتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ عمر، جسمانی سرگرمیاں اور طرز زندگی خصوصاً غذا کولیسٹرول کی سطح میں اضافے کا باعث بنتی ہیں اوراب شاید یہ بتانے کی توضرورت نہیں کہ ہائی کولیسٹرول امراض قلب اور فالج جیسی جان لیوا بیماریوں کا خطرہ بڑھانے والا عنصر ہے۔ یہاں یہ حقیقت بیان کرنا ضروری ہے کہ جسم میں کولیسٹرول صحت کے لئے بہت ضروری ہوتا ہے جو کہ ہارمونز، وٹامن ڈی، معدے کے ایسڈز اور دیگر کی تیاری کا کام کرتا ہے تاہم اس کی نقصان دہ سطح میں اضافہ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی، نمک کے کم استعمال اور تمباکو نوشی سے گریز کے ذریعے بھی نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لائی جاسکتی ہے تاہم صحت بخش غذا کا استعمال بھی بے حدضروری ہوتا ہے۔