نئی دہلی۔۔۔۔۔کچھ لوگ مایوسی کے عالم میں خود کو کیوں ہلاک کرتے ہیں؟ جبکہ بعض لوگ مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود آگے بڑھنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یاسیت اور مایوسی انسان کی خاموش قاتل ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ شہروں میں کئے جانے والے جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ متعدد لوگ کسی نہ کسی حد تک مایوسی کا شکار ہیں لیکن ان میں سے بہت سے جلد ہی اپنی اس حالت پر قابو پالیتے ہیں۔سائنسدانوں نے جائزہ رپورٹ تیار کی ہے کہ لوگ خود کو ماحول میں ڈھالنے میں ناکام رہتے ہیں جبکہ مایوسی کی سب سے بڑی وجہ خود ان کا رویہ بھی ہوتا ہے جبکہ اس قسم کے لوگوں کی تعداد 79فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ صرف 6فیصد معاملات ایسے ہوتے ہیں جس میں وہ دوسروں کے رویے کی وجہ سے مایوس ہوتے ہیں۔ ہیلتھ کیئر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیر پاریکھ نے جنہوں نے یہ رپورٹ تحریر کی ہے کہا کہ بے شمار لوگ کسی کونسلنگ یا دواؤں کے بغیر اپنی مایوسی پر قابو پالیتے ہیں۔ طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ لوگ مثبت سوچ رکھ کر اور زندگی میں توازن پیدا کرکے حالات پر قابو پاتے ہیں۔