اسلام آباد ... آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ،چین اتحاد ہر گزرتے دن کے سا تھ مضبوط ہو رہا ہے۔ پیر کو پیپلز لبریشن آرمی کے90 یوم تاسیس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزلبریشن آرمی کو پاک فوج کی طرف سے مبارکباد دیتا ہوں ۔ پاک، چین تعلقات کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ پاک فوج اور عوام چین کے ساتھ تعلقات پر فخر محسوس کرتے ہیں ۔ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر چین کی غیر متزلزل حمایت پر شکر گزار ہے ۔ نیوکلیئر سپلائی گروپ او ر مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل رہی ۔ افغانستان میں مفاہمتی عمل کیلئے بھی چین نے ہمیشہ پاکستان کی غیرمشروط حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور چین کو ایک ہی طرح کے چیلنجز اور مواقع کا سامنا ہے۔ دونوں ممالک نے خطے میں استحکام اور خوشحالی کیلئے ذمہ داری اٹھائی ہے۔ پاکستان اور چین کا بامقصد اتحاد مزید مضبوط ہو رہا ہے۔اس اتحاد نے دونوں اقوام کے عزم کو مزید مضبوط کیا۔خطے کے اہم ممالک ہونے کے باعث ہمارے تعلقات نے دونوں اطراف کو مشترکہ فائدہ دیا۔پاکستان اور چین کا تعلق باہمی مفاد اور عزت پر قائم ہے۔ درحقیقت یہ دوستی ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں مختلف شعبوں میں ایکدوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔سفارتی تعاون سے سیکیورٹی تعاون تک ہم ایکدوسرے کیساتھ کھڑے ہیں۔ حالات اچھے ہوں یا برے ایک دوسرے کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔