سنیچر کی رات پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 17 کلومیٹر تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کا مزید کہنا ہے کہ ’زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے جنوب مغرب میں 8 کلومیٹر دُور تھا۔‘
مزید پڑھیں
حکام کے مطابق زلزلہ سنیچر کی رات 10 بج کر 48 منٹ پر آیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسی طرح چکوال، مری، ایبٹ آباد، پشاور، مالاکنڈ اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ لوگوں نے فوری طور پر اپنے عزیز و اقارب اور دوستوں کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ’زلزلے کے بعد فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔‘