سفیر پاکستان سے اپیل ہے کہ میرے بیٹے کو تلاش کروائیں ، غمزدہ والدہ
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) عمرے پر آنے والے محبوب خان کا ابھی تک کوئی سراغ نہ مل سکا ۔ گمشدہ نوجوان کی والدہ نے دوبارہ سفیر پاکستان سے فریاد کی ہے کہ اسکے بیٹے کی تلاش میں مدد کی جائے ۔ تفصیلات کے مطابق سرگودھا سے تعلق رکھنے والا محبو ب خان اپریل 2017 میں اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے مملکت آیا تھا ۔ یہاں پہنچ کر وہ اپنی والدہ سے بچھڑ گیا ۔گمشدہ محبوب کی والدہ کا کہناہے کہ اسکے بیٹے کی ذہنی حالت درست نہیں وہ صرف اپنا نام ہی بتا سکتا ہے ۔ سرگودھا سے تعلق رکھنے والے حاجی عبدالرﺅف کا کہنا ہے کہ گمشدہ محبوب کی تلاش میں ناکام ہونے کے بعد اسکی والدہ کو عمرہ کمپنی کے ذمہ داروں نے پاکستان روانہ کر دیا تاہم ابھی تک اس کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی ۔ اس کا کوئی عزیز بھی سعودی عرب میں نہیں کہ وہ اس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکے ۔ اس ضمن میں بعض غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق محبوب احمد خان کو ترحیل کے ذریعے پاکستان بجھوا دیا گیا ہے تاہم اسے کہاں بھجوایا گیا اس کا علم کسی کو نہیں ہو سکا ۔ حاجی عبدالرﺅف کا کہنا ہے کہ اگر سفارتخانہ مداخلت کرے تو معلوم کیا جاسکتا ہے ۔