اسلام آباد... وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے سنگین الزامات کے بعد عمران خان کو پارٹی صدارت سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے اندر کا لڑکپن اور الہڑ پن ختم کریں کیونکہ لیڈر باپ کی جگہ ہوتا ہے۔ عمران خان جن الزامات کی زد میں ہیں اس پر خوشی نہیں ۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ عمران اگر سچے ہیں تو عائشہ گلالئی پر ہرجانے کا دعویٰ کریں بصورت دیگر الزامات پر انہیں پارٹی صدارت سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گلالئی ایک باوقار خاتون کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ اس سے زیادہ ہم انہیں نہیں جانتے۔ امیر مقام کے ٹیلیفون کا افسانہ بنایا گیا ۔ گلالئی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت نہیں دی۔انہوںنے کہا نواز شریف کے خلاف فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں انصاف ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ہمارے ساتھ وہ سلوک ہو رہا ہے جو ناقابل فہم ہے۔ نظرثانی کی اپیل کرنا مسلم لیگ (ن) کا حق ہے۔ نواز شریف کو اقتدار سے نکالا گیا مگر دلوں سے نہیں نکال سکتے۔