پہلے روزتوقع60کروڑ کی تھی مگرصرف سوا15 کروڑ کا بزنس کیا
بالی وڈ کے رومانی ہیرو شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی فلم ”جب ہیری میٹ سیجل“ کو شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل موصول ہوا ہے۔ توقع کے خلاف فلم پہلے روز صرف15 کروڑ 25 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی۔کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی اس فلم کاشائقین کو طویل عرصے انتظار تھا۔ فلم کی کہانی ٹورسٹ گائیڈ”شاہ رخ خان“اور سیاح”انوشکا شرما“ کے گرد گھومتی ہے۔ انوشکا اپنے منگیتر کے ساتھ یورپ میں شاہ رخ خان سے ملتی ہیں جو انہیں یورپ کی سیر کرواتے ہیں۔سیر کے دوران انوشکا اپنی منگنی کی انگوٹھی کہیں کھویتی ہیں جسے ڈھونڈنے میں شاہ رخ خان ان کی مدد کرتے ہیں اور اسی دوران دونوں میں محبت ہوجاتی ہے۔فلم کا اسکرپٹ اور کہانی روایتی محبت پر مبنی ہے جسے لوگ پہلے بھی پردے پر کئی بار دیکھ چکے ہیں جب کہ ادھیڑ عمر ہیرو کے ساتھ آدھی عمر کی ہیروئن والا فارمولا بھی کافی پرانا ہوچکا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے زیادہ تعداد میں شاہ رخ ، انوشکا کا محبت بھرا سفر دیکھنے کیلئے سینما کا رخ نہیں کیا اور فلم باکس آفس پر زیادہ بزنس کرنے میں ناکام رہی۔ تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کو غیر متاثر کن قرار دیتے ہوئے لکھاکہ فلم میں اداکاروں کی پرفارمنس اور لوکیشنز اچھی ہیں لیکن اسکرین پلے بورنگ ہے۔ اس کے علاوہ فلم میں غیر ضروری طور پر گانے شامل کئے گئے ہیںجن سے کوفت ہوتی ہے۔ترن آدرش کے مطابق اکشے کمار کی فلم ”جولی ایل ایل بی 2 “پہلے دن13 کروڑ 20 لاکھ، جب ہیری میٹ سیجل15 کروڑ 25 لاکھ، رئیس20 کروڑ 42 لاکھ، ٹیوب لائٹ 21 کروڑ 15 لاکھ،باہو بلی41 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوئیں۔ فلمی تجزیہ نگار گریش جوہر نے کہا کہ میں امید کررہا تھا کہ فلم پہلے ویک اینڈ پر 60 کروڑ سے زائد کا بزنس کرے گی لیکن یہ صرف توقع ہی رہی ۔90 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم کے سیٹلائٹ حقوق ریلیز سے قبل ہی 25 کروڑ میں فروخت ہوچکے تھے ۔فلم کو کامیاب ہونے کیلئے تقریباً 150 کروڑ کا بزنس کرنا ہوگا۔