جدہ.... نائب الملک شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لئے امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کا دستی خط وصول کیا۔ کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الصباح نے پیر کو جدہ کے قصر السلام میں ملاقات کرکے پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود ، وزیر مملکت و رکن کابینہ و سربراہ ایوان شاہی خالد العیسیٰ اور وزیر خارجہ عادل الجبیر بھی موجود تھے جبکہ کویتی وفد میں وزیر مملکت برائے امور کابینہ شیخ محمد عبداللہ الصباح، معاون وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد الصباح اور مملکت میں متعین کویتی سفیر شیخ ثامر جابر الصباح شریک ہوئے۔ کویتی وفد قطری بحران پر تبادلہ خیال کے لئے نکلا ہے۔ سعودی عرب کے بعد مصر کا بھی دورہ کریگا۔ دوسری جانب روس کے نائب وزیر خارجہ نے ماسکو میں متعین سعودی سفیر عبدالرحمان الراسی سے خلیجی بحران کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ نائب وزیر خارجہ مشرق وسطیٰ کے لئے روسی صدر کے خصوصی قاصد بھی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر خلیج اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال نیز متعدد شعبوں میں روسی سعودی تعلقات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔