ریاض .... سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی( ساما) نے سعودی شہریوں او رمقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ سرمایہ کاری کی دعوت دینے والی ویب سائٹس کے چکر میں نہ پڑیں۔ 3اہم سرکاری ادارے اس حوالے سے مقامی شہریوں اورتارکین وطن کے تحفظ کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ساما نے توجہ دلائی کہ کئی ویب سائٹس ایسی ہیں جن پر کرنسی نوٹس میں سرمایہ کاری کی پیشکشیں کی جارہی ہیں۔ یہ ایسی ویب سائٹس ہیں جنہیں مطلوبہ اداروں سے اجازت نامے نہیں ملے ۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی اور ساما اس قسم کی ویب سائٹس اور شخصیات کے خلاف متحرک ہیں۔ ویب سائٹس غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ یہ سعودی عوام اورتارکین کو راتوں رات مالدار ہونے کی کہانیاں سناتے ہیں۔ بعض لوگ سادہ لوحی میں انکے جھانسے میں آجاتے ہیں۔ ساما کا کہناہے کہ سرمایہ کاری کی اپیل کرنے والی کسی بھی کمپنی، کسی بھی ادارے اور کسی بھی ویب سائٹ سے لین دین کرتے وقت انتہائی ہوشیار رہا جائے، آنکھیں کھلی رکھی جائیں۔ اگر کسی کے پاس سرمایہ جمع کرنے کا اجازت نامہ نہیں تو اس سے کسی صورت معاملہ نہ کیا جائے۔ کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی ساما او روزارت تجارت مشکوک ویب سائٹس اور غیرقانونی طور پر سرمایہ جمع کرنے والوں کے خلاف مشترکہ آگہی مہم چلا رہے ہیں۔