Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بھوک ہڑتال پر بیٹھے سابق رکن پارلیمنٹ اسپتال منتقل

حیدرآباد -----تلنگانہ کے ضلع کریم نگر میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کے مطالبہ پر بھوک ہڑتال کرنے والے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کو پولیس کی بھاری جمعیت نے اسپتال منتقل کردیا۔گزشتہ رات پولیس اہل کار وں نے ان کی صحت کے بگڑنے پر ان کو اسپتال منتقل کردیا ۔ اس موقع پر پولیس اور ان کے حامیوں میں دھینگامشتی دیکھی گئی کیونکہ پونم پربھاکر کے حامیوں نے ان کو اسپتال منتقل کرنے پولیس کی کوشش میں رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش کی اور پونم پربھاکر کی حمایت میں نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر ہلکی سی کشیدگی دیکھی گئی ۔ پونم پربھاکر کی صحت کے خراب ہونے پر پولیس چوکس ہوگئی تھی۔ذرائع کے مطابق پونم پربھاکر اسپتال کے انتہائی نگہداشت والے شعبہ آئی سی یو میں زیرعلاج ہیں تاہم وہ علاج کیلئے ڈاکٹرس سے تعاون نہیں کر رہے اور علاج کروانے سے انکار کررہے ہیں ۔ انہوں نے واضح کردیا ہے کہ کریم نگر میں سرکاری میڈیکل کالج کے قیام کے اعلان تک وہ اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔کانگریس نے ان کو اسپتال منتقل کرنے کے خلاف احتجاج کی اپیل کی ہے۔

شیئر: