Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بی جے پی نے جے ڈی یو کو چبالیا ، لالو

پٹنہ۔۔۔۔راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہاتھ ملانے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پارٹی جنتا دل یونائٹیڈ اب سرکاری پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔ لالونے یہاں پریس کانفرنس میں الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنی پارٹی کے سینیئر لیڈر شرد یادو کو بھی دھوکہ دیا ہے۔ انہیں ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ یادو جب پٹنہ آئیں گے تو ایئرپورٹ پر نتیش کمار کے اشارے پر ان کی مخالفت کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کارکنان کو شرد یادو پر پانی کا بوتل پھینکنے اور سیاہ پرچم دکھانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ آرجے ڈی صدر نے کہاکہ شرد یادو جے ڈی یو کے بانی ہیں اور آرجے ڈی اور کانگریس کا اتحاد برقراررہے گا۔ آر جے ڈی صدر نے کہا کہ نتیش کمار کے نئے نعرے ’’لالچی بھارت چھوڑو‘‘پر میرا کہنا ہے کہ بدعنوانی سے بھی بڑا جرم اقتدار کا لالچ ہے۔اصل لالچ سیاست کی ہے جس کیلئے نتیش کمار نے متعدد بار اپنے ارادے تبدیل کئے اور پلٹی ماری۔لالو یادو نے کہا کہ انگریزوں جیسا نظام ِحکومت آج ملک میں آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس نے آزدی کی لڑائی میں انگریزوں کا ساتھ دیا تھا ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کی آزادی کی لڑائی میں کوئی کردار نہیں تھا۔ بی جے پی نے جے ڈی یو کو چبا لیا ہے۔آر ایس ایس ، بی جے پی کے ساتھ جے ڈی یو (بی) ٹیم بنی ہوئی ہے۔ آر جے ڈی صدر نے الزام لگایا کہ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) کی رپورٹ میں 800کروڑ روپے کا گٹی(کنکریٹ) گھوٹالے کا انکشاف کیا گیا اور اس میں نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی اسمبلی کے لیڈر سشیل کمار مودی اور ان کے بھائی کا ہاتھ ہے۔ اس گھوٹالے کا جلد انکشاف ہوگا۔

شیئر: