نئی دہلی----سابق نائب صدر حامد انصاری کے اس بیان پر کہ ملک کے مسلمان خوف و گھبراہٹ میں مبتلا ہیں اور خود کوغیر محفوظ محسوس کر ہے ہیں، بحث چھڑی ہوئی ہے۔ تازہ ترین بیان میں حکمراں بی جے پی کے نظریاتی گرو آر ایس ایس کے لیڈراندریش کمار نے انصاری کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسے ملک میں جاکر رہنے لگیں جہاں وہ خود کو محفوظ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حامد انصاری کتنے بدقسمت ہیں کہ ان کے اس بیان کی خود ان کی قوم کے کسی فرد نے پذیرائی نہیں کی بلکہ مسلمانوں کی اکثریت نے ان کے اس تبصرے کو نہ صرف ناپسند کیا بلکہ اظہار برہمی بھی کیا ہے تاہم انہوں نے اس ضمن میں کسی مسلم مذہبی، سیاسی یا سماجی لیڈرکا حوالہ نہیں دیا۔واضح رہے کہ حامد انصاری نے نائب صد ر کے عہدے کی اپنی میعاد مکمل ہونے کے ایک روز قبل راجیہ سبھا ٹی وی کو ایک انٹرویو کے دوران ملک میں گئو کشی کے نام پر مسلمانوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے اور گھر واپسی جیسے معاملات پر اپنے دکھ کا اظہار کیا تھا۔