لکھنؤ/گورکھپور- - - - - بی آرڈی کالج میں بچوں کی موت کے معاملے میں دماغی بخار اور وارڈ کے انچار اور شعبہ امراض اطفال کے سربراہ ڈاکٹر کفیل احمد کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیاہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دورے کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سانحہ کے بعد سوشل میڈیا پر کفیل احمد بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ 10اگست کی رات 2بجے کفیل کے پاس اسپتال کے ملازمین نے آکسیجن کی کمی کے سلسلے میں فون کیا تو وہ رات میں ہی سلنڈر کیلئے شہر کا چکر کاٹنے لگے ۔ نجی اسپتالوں کے اپنے دوست ڈاکٹروں کی مدد سے انہوں نے 12آکسیجن سلنڈرز کا انتظام کیا اور انسیفلائڈ وارڈ میں لگایا گیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ ان سلنڈروں کی ادائیگی کفیل نے اپنی جیب سے کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کفیل پر پرائیویٹ پریکٹس کرنے کا الزام ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جو بھی سرکاری ڈاکٹر پرائیویٹ پریکٹس کریگا اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جائیگی۔