لکھنؤ۔۔۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر اور معروف شیعہ مذہبی رہنما مولانا کلب صادق نے کہا ہے کہ اجودھیا کی بابری مسجد کا فیصلہ اگر حق میں ہوجائے تب بھی اس زمین کو ہندوؤں کو سونپ دینی چاہئے۔ کلب صادق نے کہا کہ بابری مسجد کی زمین ہندوؤں کو ملنی ہی چاہئے ۔انہوں نے خیال ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسجد چلی جائیگی لیکن کروڑوں دل مل جائیں گے اسلئے میں چاہتا ہوں کہ بابری مسجد کی زمین ہندوؤں کو سونپ دینی چاہئے۔ شیعہ مذہبی رہنما نے کہا کہ یہ مسئلہ ہندو ، مسلم کا نہیں بلکہ ملک کا مسئلہ ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں شیعہ سینٹرل وقف بورڈ نے بھی بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے اور مسلم اکثریتی علاقے میں مسجد بنائے جانے سے متعلق بیان دیا تھا۔ بورڈ کے صدر وسیم رضوی نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں اس سلسلے میں حلف نامہ داخل کیا گیا ہے۔