Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج اور معتمرین کے بچوں کےلئے حرمین اور مشاعر میں نرسریاں قائم ہونگی

مکہ مکرمہ..... حجاج اور معتمرین کے بچوں کےلئے حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ میں نرسریاں قائم کی جائیں گی۔ عازمین اور معتمرین ایک سال سے 6سال کے بچے نرسیوں کی نگرانی میں دے سکیں گے۔ وزارت تعلیم نے وقتی نرسریاں قائم کرنے کی اجازت دیدی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمرہ موسم اور حج کے دوران لاکھوں عازمین ارض مقدس پہنچتے ہیں ۔ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ میں بھیڑ کی وجہ سے بچوں کو انتہائی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزارت تعلیم نے عازمین کی سہولت اور بچوں کی سلامتی کےلئے نرسریاں کھولنے کی منظوری دی ہے۔ وزارت تعلیم کے اعلامیہ کے مطابق حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ میں قائم ہونے والی نرسریاں نجی تعلیمی ادارے کے ماتحت ہوں گی۔ نرسریاں کھولنے کے وہی ضوابط ہوں گے جو نجی تعلیمی اداروں کے ہیں۔ نرسریوں کی ذمہ داری بچوں کی نگرانی، سلامتی اور وقتی طور پر انہیں تعلیمی تفریح فراہم کرنا ہوگا۔ نرسریوں میں بچوں کو فراہم کی جانے والی غذا سلامتی کے اعلیٰ ضوابط کے مطابق ہوگی۔ نرسری میں بچوں کا داخلہ اور اخراج والدین میں سے کسی ایک کی منظوری سے ہوگا۔ بچے کا داخلہ ان کے نگران کے فنگر پرنٹس سے ہوگا اور اسی طرح اخراج کےلئے بھی فنگر پرنٹس کی ضرورت ہوگی۔ ضوابط میں اس چیز کی بھی پابندی ہوگی کہ غیرمتعلقہ افراد نرسری میں داخل نہ ہوں۔ تمام نرسریوں کی نگرانی کیمروں کی مدد سے ہوگی۔ نرسریوں میں وزارت صحت کے تعاون سے صحت مرکز بھی ہوگا۔ بچوںکو وبائی امراض سے بچانے کےلئے خصوصی انتظام ہوگا۔ وزارتِ تعلیم کے ضوابط کے مطابق ہر 3شیر خوار بچوں کےلئے ایک آیا جبکہ معمول کی غذا کھانے والے ہر4بچوں کےلئے ایک آیا ہوگی۔ 6سال تک کے ہر5بچوں کےلئے ایک آیا ہوگی۔ نرسری میںبچوں کی ایک ڈاکٹر اور ایک نرس کی ہر وقت موجودگی ضروری ہے۔

شیئر: