اسلام آباد ... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ امر یکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا سارا بوجھ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ٹوئٹر پربیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکہ کی خوشنودی کیلئے افغانستان میں2جنگیں لڑیں۔ دونوں جنگوں میں بھاری انسانی اور معاشی نقصان اٹھایا۔دہشت گردی کیخلاف امریکی جنگ میں 70 ہزار پاکستانیوں کی قربانی دی۔ ہماری معیشت کو اس جنگ کے باعث 100 ارب ڈالرسے زائد کا سنگین دھچکا لگا۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا کہ امریکہ سے کہا جائے کہ اب مزید کبھی نہیں۔ ہمیں امریکہ اور ہندکی ناکام پالیسیوں کا ملبہ اٹھانے اور قربانی کا بکرا بننے سے انکار کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی الزام تراشی کی نئی قسط سے پاکستان کو سیکھ لینا چاہیے کہ ڈالروں کے عوض پرائی جنگ کو کبھی اپنے آنگن تک نہ لایا جائے۔