فرضی ویب سائٹس پر وزٹ کرنے سے گریز کریں، امن عامہ کا انتباہ
مصدقہ پلیٹ فارمز کے بارے میں وزارت تجارت کی ویب سائٹ سے معلوم کیا جاسکتا ہے(فوٹو،ایکس)
ادارہ امن عامہ نے سعودی شہریوں اور مقیمین کو انتباہ دیا ہے کہ فرضی ڈیجیٹل مارکیٹ پر خریداری سے گریز کریں۔ احتیاطی تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے ہی جعل سازوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
عاجل نیوز نے ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری انتباہ کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ انٹرنیٹ پرخریداری اور دیگر سروسز کے حوالے سے جعلی ویب سائٹ سے محتاط رہا جائے۔
ایسی ویب سائٹس جو حقیقی نہیں وہ ہیکرز کی جانب سے لانچ کی جاتی ہیں اس لیے کسی بھی ویب سائٹ یا ای مارکیٹ کے بارے میں علم ہونے پر اس کی اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ایپلیکیشن ’کلنا امن‘ پر دی جاسکتی ہے۔
واضح رہے سائبرکرائم کے حوالے سے قبل ازیں وزارت تجارت نے بھی لوگوں کو متنبہ کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ ڈیجیٹل مارکیٹ پر وزٹ کرنے سے قبل وزارت کی جانب سے فراہم کردہ فہرست کا جائزہ لے لیں تاکہ فرضی ویب سائٹ سے محفوظ رہا جاسکے۔
خیال رہے بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں ہیکرز کی جانب سے جعلی ویب سائٹس لانچ کی جاتی ہیں ان سے بچنے کےلیے ضروری ہے کہ مصدقہ ای مارکیٹ پر ہی وزٹ کیا جائے۔