وزیر اعلیٰ بہار کا سیلاب زدہ علاقے کا دورہ
کشن گنج۔۔۔۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کشن گنج کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرکے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور راحت و امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر علاقے کے ممبر پارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے وزیر اعلیٰ کو میمورنڈم سونپ کرکشن گنج کے سیلاب زدگان کی فوری باز آبادکاری کا مطالبہ کیا۔ مولانانے مطالبہ کیا کہ سیلاب ختم ہونے کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیل رہی ہیں جن کی روک تھام کیلئے مفت طبی کیمپ قائم کئے جائیں اور کسانوں کے قرضے معاف کرکے تباہ شدہ فصلوں کا معاوضہ دیا۔ جن لوگوں کے مویشی سیلاب میں بہہ گئے ہیںانہیں بھی معاوضہ دیا جائے۔ مولانا اسرارالحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام سیلاب متاثرین کو مفت غذائی اشیاء فراہم کی جائیں اور پی آر کے طور پر 3،3لاکھ روپے دیئے جائیں تاکہ متاثرین دوبارہ اپنی زندگی معمول پر لاسکیں۔