اسلام آباد... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ مایوس کن اور ناقابل قبول ہے۔ ایک بیان میں انہو ں نے کہا کہ قاتلوں کی رہائی صرف ناانصافی ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہے۔ پارٹی قانونی آپشنز پر غور کرے گی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ بی بی کی شہادت کو10سال گزر گئے لیکن اب تک انصاف کے منتظر ہیں۔ ملزمان کو سزا ہوئی لیکن اصلی قاتل اب بھی آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک پرویز مشرف اپنے جرائم کا حساب نہیں دے دیتے۔بےنظیر کی بڑی صاحبزادی بختاور نے بھی اپنے ٹویٹ میں فیصلے پر نارا ضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا لیکن اصل دہشت گردوں کو بری کردیا گیا جو شرمناک بات ہے۔واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بےنظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 گرفتار ملزمان کو بری جبکہ سابق سی پی او خرم شہزاد اور سابق ایس پی سعود عزیز کو 17، 17 سال قیداور مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے جائداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔