شاہد آفریدی کو افغان لیگ کیلئے این او سی جاری نہ کرنےکا فیصلہ
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کے افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے کے اعلان سے ناخوش ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آفریدی کو اس حوالے سے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے جبکہ جن کرکٹرز نے این او سی طلب کئے انہیں انکار کیا جا چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی نے افغان لیگ کے این او سی کےلئے تاحال پی سی بی سے رابطہ نہیں کیا جبکہ وہ بگ بیش کے این او سی کےلئے رابطہ کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ پی سی بی اور افغان بورڈ کے درمیان افغانستان کی جانب سے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔آفریدی نے منگل کو لیگ میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جہاں کھیلتے ہیں۔ پاکستان ہی کی نمائندگی کرتے ہیں۔آفریدی اس وقت انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں جہاں انہوں نے ہمپشائر کےلئے ایک شاندار سنچری بھی اسکور کی۔