Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یونس خان اور شاہد آفریدی کا الوداعی تقریب میں شرکت سے انکار

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور شاہد آفریدی نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی جانے والی الوداعی تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 14 ستمبر کو ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر 3 سابق کپتانوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جو اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ شاہد آفریدی کو چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فون کیا اور انہیں ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔شاہد آفریدی نے یہ کہہ کر چیئرمین سے تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی کہ وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر ایک رائے یہ بھی تھی کہ شاہد آفریدی کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ کھلا کر شاندار انداز میں رخصت کیا جائے تاہم نجم سیٹھی نے اسے قبول نہیں کیا۔اطلاعات ہیں کہ یونس خان بھی الوداعی تقریب کا حصہ بننا نہیں چاہتے۔یونس خان نے پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی جانب سے کئے گئے رابطے کا مثبت انداز میں جواب سے گریز کرکے واضح پیغام بھیج دیا ہے کہ وہ 14 ستمبر کو الوداعی تقریب میں شرکت کے موڈ میں نہیں۔ ان دونوں سابق کپتانوں کی معذرت کے بعد مصباح الحق اگر لاہور میں الوداعی تقریب میں شرکت کے لئے رضا مند ہو بھی جاتے ہیں تو دیکھنا ہے کہ بورڈ اس ادھوری تقریب کو الوداعی تقریب کا نام دیتا ہے یا پھر اسے ورلڈ الیون کے لئے عشائیے تک محدود کر دیا جائےگا۔

شیئر: