مزدلفہ ..... امریکی پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلئے سعودی سیکیورٹی اداروں کی مہارت سے استفادہ کیا جائے ۔ الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی پولیس کے سارجنٹ نذار حمزہ کا کہنا تھاکہ حج کے موقع پر دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں مختلف ثقافتوں کے حامل اور متعدد بولیاں بولنے والے لوگ آتے ہیں جنہیں کنٹرول کرنا انتہائی مشکل کام ہو تا ہے ۔ اسمیں شک نہیں کہ حج کے اجتماع کی مثال کرہ ارض پرکہیں نہیں مل سکتی ۔ مسلسل 5دنوں تک دنیا بھرسے آئے ہوئے لاکھوں انسان ایک ہی مقام پر جمع ہوں ،وہاں کیا حال ہو تا ہے ۔ سب سے اہم امر یہ ہے کہ اتنے بڑے اجتماع کو کنٹرول کرنا کس قدر دشوارامر ہے اس بات کا اندازہ وہ لوگ بخوبی لگا سکتے ہیں جن کا تعلق براہ راست کراو¿ڈ کنٹرولنگ کے شعبے سے ہو ۔ نذار نے مزید کہا کہ اتنے بڑے اجتماع کو اس خوبصورتی سے کنٹرول کرنا کوئی معمولی بات نہیں، اس کےلئے متعدد اداروں کا باہمی ربط ہونا لازمی امر ہے ۔ سعودی اداروں کا عمل اس اعتبار سے قابل ستائش ہے کہ انہوں نے بہترین اہلکار وں کو متعین کیا اور انہیں اعلیٰ ترین تربیت دی ۔ نذار حمزہ کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کوئی بڑے پیمانے کی تقریب منعقد ہو تی ہے تو اسے کنٹرول کرنا بھی انتہائی مشکل ہو جاتا ہے جبکہ مشاعر مقدسہ میں تو لاکھوں افراد بیک وقت آتے ہیں ۔ جس طرح کے انتظامات سعودی اداروں کی جانب سے کئے جاتے ہیں انہیں دیکھ کر بے حد مسرت ہوئی ۔ دنیا میں ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلئے سعودی اداروں کی مہارت سے استفادہ کیا جائے جس کا ثبوت حج کے موقع پر ہمارے سامنے ہے ۔