مشاعر مقدسہ میں 21 پاکستانی حجاج جاں بحق ہوئے ، مدینہ منورہ روانگی بدھ سے ہو گی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ساجد یوسفانی کا کہنا ہے کہ حج آپریشن انتہائی کامیابی سے مکمل ہو گیا ۔ حجاج کی وطن روانگی کا آغاز 6 ستمبر بروز بدھ سے ہو رہا ہے ۔ اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ دوران حج مشاعر مقدسہ میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جن میں منیٰ میں 16 ، وقو ف عرفہ کے دوران 4 اور قیام مزدلفہ کے د وران ایک پاکستانی حاجی جاں بحق ہوا ۔ تمام متوفین کو انکے لواحقین کی اجازت کے بعد مکہ مکرمہ کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ حجاج کی پہلی پرواز جدہ حج ٹرمنل سے اسلام آباد کےلئے بدھ سے روانہ ہو رہی ہے جس کے ساتھ ہی بعد از حج آپریشن کا آغاز ہو جائے گا ۔ حج پروازاوں کی واپسی یومیہ بنیاد پر ہو تی ہے جن کی تعداد ابتداءمیں 9 بعدازاں ان میں یومیہ بنیادوں پر اضافہ ہو تا جاتا ہے ۔ وہ پاکستانی حجاج کرام جو قبل از حج مدینہ منورہ نہیں گئے تھے انکی مدینہ منورہ روانگی 6 ستمبر سے ہو گی جہاں وہ 8 روز قیام کرنے کے بعد وہاں سے ہی پاکستان روانہ ہو جائیں گے ۔ ڈاکٹر ساجد نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ سے حجاج کی پاکستان روانگی کا پروگرام 16 ستمبر سے شروع ہو گا ۔حجاج کرام کی مدینہ منورہ سے پاکستان روانگی سے کافی سہولت ہوئی ہے جس سے حجاج 2 طرفہ سفر سے بچ جاتے ہیں ۔ مدینہ منورہ میں حجاج کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔ حج مشن کا عملہ عمارتوں کی نگرانی کر رہا ہے جبکہ خدام الحجاج کی بھی مدینہ منورہ روانگی شروع ہو چکی ہے جو وہاں حجاج کا اسقبال کریں گے ۔ پاکستان حج مشن کی جانب سے ہر برس کی طرح امسال بھی حجاج کےلئے کیٹرنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ امسال انتظامات میں مزید بہتری لائی گئی ہے ۔ حج مشن کی جانب سے حجاج کو خوراک فراہم کرنے والوں کو اس بات کا پابند کیا گیا تھا کہ تمام پاکستانی حجاج کو تندور ی روٹی کے ساتھ روایتی پاکستانی کھانا فراہم کیا جائے ۔ حجاج کو فراہم کئے جانے والے کھانے کی حج مشن کے اہلکار باقاعدہ نگرانی کرتے ہیں اور حجاج کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات نوٹ کرکے انکا ازالہ کیا جاتا ہے ۔ مدینہ منورہ میں بھی حجاج کو 3 وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے ۔