ویلفیئر سیکشن کی کوشش ہے کہ پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کمی نہ ہونے دی جائے، ویلفیئر قونصلر
سعودی عرب کے عروس بحر الاحمر ، جدہ کے مقامی ہوٹل میں ہزارے وال اوورسیز پاکستانی فورم کے زیر اہتمام 14 اگست کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کی صدارت فورم کے چیئرمین اشفاق قریشی نے کی۔ مہمان خصوصی جدہ قونصلیٹ کے ویلفیئر قونصلر باسط عباسی تھے۔ یوم آزادی کی تقریب میں قومی یکجہتی فورم کے تمام ارکان سمیت جدہ کی تمام سیاسی پارٹیوں کے صدور اور سینیئر رہنماؤں نے بھرپورشرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے صدرنور الحسن گجر نے ہزارے وال اوورسیز فورم کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ فورم کے جنرل سیکریٹری ملک دلدار نے14 اگست کے حوالے سے تفصیل سے روشنی ڈالی اور جشن آزادی کی 70 ویںسالگرہ پرتمام پاکستانیوں اور خصوصاً سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مبارک باد دی۔فورم کے سینیئر اراکین شاہ جہاں مغل، سردار رفیق، ساجد ہارون،رفیق خان،چوہدری دلپزیر،راجہ بشیراور امتیاز قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہزارہ کے لوگوں نے اس آزادی کے حصول میں بیش بہاقربانیاں دیں۔ ریفرنڈم میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ یہ حقیقت پورے پاکستان کے عوام جانتے ہیں۔تقریب سے جدہ میں مقیم ہزاریوال کاروباری و سماجی شخصیت پرویز قریشی، محمد شبیر محمد ،اقبال ،غلام حسین اوراسرار احمد نے بھی آزادی کے حوالے سے خطاب کیااور بتایا کے کس طرح ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دیں اور یہ ملک حاصل کیا۔ انہوں نے تقریب میں جشن آزادی کے حوالے سے مفصل خطاب کیا۔ صدر تقریب چیئرمین ہزارے وال ویلفیئر فورم اشفاق قریشی نے فورم کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ کس طرح فورم، ہزارہ کے لوگوں کی مختلف طریقے سے امداد کرتا ہے ۔فورم ہزارے میں 5 اضلاع پر مشتمل ہے۔ مہمان خصوصی، قونصلیٹ جنرل پاکستان، جدہ کے ویلفیئر قونصلر باسط عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہزارے وال فورم کو اس شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ اس طرح کے فورم کے ذریعے آپ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت دیار غیر میں اپنے لوگوں کو امداد فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ کا ویلفیئر سیکشن ہر طرح آپ کا ساتھ دینے کے لئے آپ کے ساتھ ہے۔قونصلیٹ کے دروازے ہر وقت ، ہر پاکستانی کے لئے کھلے ہیں۔ویلفیئر سیکشن کی پوری کوشش ہے کہ پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں کو کمی نہ ہونے دی جائے ۔ تقریب کے آخر میں پاک میڈیا گروپ کے صدر چوہدری رضوان نے ویلفیئر قونصلر باسط عباسی کا جشن آزادی کی تقریب میں شمولیت پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیااور تمام سیاسی پارٹیوں کے سینیئر رہنمائوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے قومی یکجہتی کے جذبے کے تحت جشن آزادی کے پروگرام میں شرکت کی اور جشن منایا۔تقریب میں شمولیت کرنے والوں میںمسلم لیگ’’ ق‘‘ سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری اظہر وڑائچ،صدر’’ ق‘‘ لیگ سفیان گجر،مسلم لیگ ’’ن‘‘ سعودی عرب کے نائب صدر ، انجینیئر شہباز چوہدری،تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری قاسم دستی،چوہدری عنایت حسین جھاڑا، مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے نائب صدر چوہدری وحید اور جماعت اسلامی کے محمد اعجازشامل تھے۔
٭٭٭٭٭٭