مکہ مکرمہ ...... رابطہ عالم اسلامی نے واضح کیا ہے کہ برما میں مسلمانوں کےساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانیت کی پیشانی پر بدنما داغ ہے۔ دنیا بھر کے لوگوں کی نظرو ں کے سامنے روہنگی مسلمانوں پر وحشیانہ حملے اور اجتماعی قتل عام اخلاقی اقدا ر اور بین الاقوامی نظام کے زندہ درگور ہونے کا پروانہ ہے۔ رابطہ عالم اسلامی نے بدھ کو اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی کہ یہ تاریخی المیہ اقوام عالم کےخلاف بے قصور انسانوں کا قتل عام نہ رکوانے پر ہمیشہ شاید بنا رہیگا۔ روہنگی مسلمانوں کا قتل عام نفرت اور عداوت کے جرائم کا غماز ہے۔یہ خونریز وحشیانہ دہشتگردی کی بدترین شکل ہے۔ یہ داعش اور القاعدہ کی دہشتگردی سے کسی طور کم نہیں۔ اس پر خاموشی بین الاقوامی نظام کی منفی تصویر پیش کررہی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی نے واضح کیا کہ برما کے دہشتگرد عناصر جو کچھ کررہے ہیں اس پر کوئی بھی صاحب ضمیر خاموش نہیں رہ سکتا۔ برمی دہشتگردوں کےخلاف فوری مداخلت ضروری ہے۔ روہنگی مسلمانوں کو فوری تحفظ فراہم کرنا اور ان کےخلاف وحشیانہ تصرفات کرنے والوں کو عالمی عدالت کے حوالے کرنا انسانی اقدار کے تحفظ کیلئے ضروری ہے۔عالمی امن و امان اور بین الاقوامی نظام کا اعتبار شکوک و شبہات کے دائرے میں آچکا ہے۔ ہر روز دہشتگردی بڑھتی جارہی ہے۔ اجتماعی بیخ کنی کے جرائم سب کے سامنے ہورہے ہیں۔ کوئی مداخلت نہیں کی جارہی ہے۔ بیخ کنی میں ملوث افراد کا کوئی احتساب نہیں ہورہا ۔رابطہ عالم اسلامی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ برما میں دہشتگردانہ قتل عام سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن وموثر اقدام کرے۔ عالمی برادری نے جس طرح داعش اور القاعدہ کےخلاف موثر اور فیصلہ کن موقف اختیار کیا اُسے ویسا ہی اقدام برما کے دہشتگردوں کےخلاف بھی کرنا ہوگا۔ ایسا کرکے ہی عالمی امن و انصاف کا بول بالا ہوسکے گا۔