Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی یونین روہنگیا مسلمانوں کے مصائب دور کرائے،او آئی سی

 جدہ..... اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے اداروں سے کہا ہے کہ وہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے مصائب دور کرائیں ۔ ان کی مشکل آسان کرانے کیلئے ضروری اقدامات کا اہتمام کریں ۔ العثیمین نے یورپی یونین میں خارجہ و امن امور کی ہائی کمشنر فیڈریکا موغیرینی ، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر شہزادہ زید رعد الحسین اور پناہ گزینوں کے کمشنر وی لیبو گرینڈی کے نام خطوط تحریر کر کے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راکھائن میں بحران ختم کرانے کیلئے فیصلہ کن اقدام کریں۔العثیمین نے ایک بار پھر اس امر پر زور دیا کہ او آئی سی عالمی برادری کی آواز میں آواز ملا کر کہتی ہے کہ راکھائن کمیٹی کی سفارشات نافذ کرائی جائیں ۔ درست ہے کہ سفارشات پر عمل درآمد لمبی مدت کا متقاضی ہے جبکہ نہتے بے قصور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے فوری مداخلت اور ہنگامی اقدام ضروری ہیں ۔ او آئی سی نے توجہ دلائی کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے میانمار کی حکومت سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ روہنگیا کے خلاف غیر انسانی سلوک اور تشدد کا چکر بند کرائے اور ان کی قانونی پوزیشن کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کریں ۔ او آئی سی نے کہا ہے کہ 2014ء سے خبردار کیا جا رہا ہے کہ اگر میانمار کی حکومت نے روہنگیا کے مسلمانوں کے مکانات کے انہدام ، بے قصور شہریوں کے قتل اور تمام باشندوں کی تذلیل کا سلسلہ جاری رکھا تو اس کا نتیجہ انتہا پسند عناصر کی حوصلہ افزائی اور ان کے سرا بھارنے کی صورت میں برآمد ہو گا ۔ او آئی سی نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری روہنگیا کے مسلمانوں کی بیخ کنی رکوانے کیلئے اقدام کرے ۔ یہ عمل ضروری ہے ۔

شیئر: