مکان کیلئے غریب سعودیوں کو30سالہ قرضے دیئے جائیں،رکن شوریٰ
ریاض- - - - - سعودی رکن شوریٰ عبدالرحمان الراشد نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی حکومت مکان کیلئے غریب شہریوں کو 30سالہ قرضہ اسکیم جاری کرے ۔ مالیاتی اداروں اور خصوصی فنڈز کے ذریعے غریب شہریوں کو طویل مدتی قرضے دلائے جائیں۔ انہوں نے عکاظ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعودی شہریوں کو مکان بنانے کیلئے مناسب اسکیمیں اور طریقہ کار مہیا نہ کیا گیا تو ایسی حالت میں مکان کا مسئلہ حل کرنے میں مشکل ہو گی۔ الراشد نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب میں 2 طرح کے شہری ہیں۔ ایک تو وہ ہیں جو مکان کے مالک نہیں بن سکتے۔ یہ نادار لوگ ہیں ، آمدنی محدود ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ انہیں مکانات مہیا کرے۔ حکومت اس قسم کے لوگوں کیلئے مختلف پروگرام بنائے ہوئے ہے۔ دوسری قسم اُن سعودی شہریوں کی ہے جو مکانات کے مالک تو بن سکتے ہیں لیکن انہیں طویل مدتی قرضے درکار ہیں۔ یہ لوگ اپنی آمدنی کے حساب سے قرضے ملنے پر مکان بنا سکیں گے۔ اس قسم کے لوگوں کو 40سے 60فیصد تک کا خرچ درکار ہوگی۔ الراشد نے کہا کہ وزارت آبادکاری مکانات کے حوالے سے متعدد پروگرام جاری کئے ہوئے ہے۔ بہتر یہی ہو گا کہ حکومت قرضے فراہم کرے اور مکان کہاں سے اور کیسے حاصل کیا جائے یہ کام شہریوں پر چھوڑ دیا جائے۔ مکان قرضے کی انتہائی حد مقرر کر دی جائے۔ خاندان کے افراد کی تعداد کی بنیاد پر قرضے کی حد کم یا زیادہ کی جائے۔ 10لاکھ ریال تک کا بھی قرضہ دیا جا سکتا ہے۔