Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی ابتداءہے، جائلز کلارک

لاہور:پاکستان کے دورے پر آنے والی ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلسس اور کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہے اور وہ یہاں آنے پر بہت خوش ہیں۔ لاہور پہنچنے کے بعد یہ دونوں ہوٹل میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے فاف ڈوپلسس کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کھلاڑی صرف کرکٹ کھیلنے کے خیال سے یہاں نہیں آئے بلکہ اس کا مقصد اس سے بھی بڑا ہے۔ انھوں نے ٹیم میں زیادہ تر جنوبی افریقی کھلاڑیوں کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کی اس وقت کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہیں اس لئے کھلاڑی دستیاب تھے۔فاف ڈوپلسس اس سے قبل 2005ءمیں جنوبی افریقی انڈر19 ٹیم کے ساتھ پاکستان آچکے ہیں۔ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور کی پاکستان کے ساتھ خوشگوار یادیں وابستہ ہیں وہ 1998 ءمیں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی زمبابوے کی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی سے بھی وابستہ رہے۔اینڈی فلاور کے بھائی گرانٹ فلاور 3 سال سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہیں۔اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ وہ ان تمام لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جن کے پیارے دہشت گردی کی نذر ہوگئے اور یہی دہشت گردی ہے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان سے دور ہوتی چلی گئی۔اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستانی شائقین کو ورلڈ الیون کی شکل میں عصر حاضر کے چند بہترین کرکٹرز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم متوازن ہے اور پاکستانی شائقین کے سامنے بہترین کرکٹ کھیلنے کےلئے پرجوش ہے۔ اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستان اپنے یہاں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ون پوزیشن تک پہنچا جبکہ اس نے چیمپیئنز ٹرافی بھی جیتی جس سے پاکستان کی اس کھیل کی شاندار روایت اور ٹیلنٹ کی عکاسی ہوتی ہے۔ اس سے قبل پریس کانفرنس میں پاکستان سے متعلق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کا دورہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے ، دراصل یہ ابتدا ءہے۔ جہاں تک غیرملکی ٹیموں کے پاکستان کے دوروں کا تعلق ہے اس کا انحصار غیرملکی ٹیموں کی بین الاقوامی مصروفیات پر بھی ہوگا۔ جائلز کلارک نے مزید کہا کہ پاکستان سپر لیگ2 کے فائنل میچ کے لاہور میں انعقاد سے ورلڈ الیون کے اس موجودہ دورے کی راہ آسان ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑی جب اپنے ممالک واپس جائیں گے تو یقینا ً ساتھی کھلاڑیوں کو اس دورے کے تجربات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان اور تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دورے کو کامیاب بنانے میں پی سی بی کے ساتھ مل کر انتھک محنت کی۔ قبل ازیںپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا دن ہے۔اگر یہ دن نہ آتا تونہ جانے ہمیں مزید کتنے سال انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی کے لئے انتظارکرنا پڑتا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمیں زمبابوے کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے دو سال قبل پاکستان آکر انٹرنیشنل کرکٹ کی کھڑکی کھولی تھی۔
 
 

شیئر: